کورونا وائرس سے ہلاکتیں 4 ہزار سے بڑھ گئیں

چین میں 3136، اٹلی میں 463اور ایران میں 291ہلاک
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے بھی بڑھ گئیں، اٹلی میں لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 463 جبکہ ایران میں 291 تک پہنچ گئی، پاکستان میں بھی 18 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق دسمبر 2019ء میں کورونا کی تشخیص کے بعد سے آج منگل تک 115 ممالک میں ایک لاکھ 15 ہزار کے قریب افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، یورپ میں متاثرین کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

چین میں سب سے زیادہ 3136 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار 775 ہے، تقریباً 70 فیصدافراد صحتیاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔

کورونا سے متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبر پر یورپ کا ملک اٹلی ہے، جہاں صورتحال انتہائی تشويشناک ہوگئی، اموات 463 تک پہنچنے کے بعد ملک بھر میں لاک ڈاؤن کردیا گیا، شہریوں کو گھروں میں رہنے اور صرف انتہائی ضرورت کے وقت ہی گھروں سے باہر نکلیں۔ اٹلی میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 9 ہزار 172 ہے۔

مزید جانیے : کوروناوائرس،کراچی میں مزید 2 افراد متاثر، کل تعداد 18 ہوگئی

مہلک مرض سے متاثرہ تیسرے نمبر پر ايران ہے، جہاں آج مزيد 54 افراد لقمۂ اجل بن گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 291 ہوگئی جبکہ 8 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

اسپين ميں بھی کورونا وائرس کے خوف کے باعث اسکول بند کردیئے گئے ہيں، فرانسیسی وزیر ثقافت اور پیرس ایئرپورٹ چیف میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

امريکا کے صدر ٹرمپ کے بھی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی خبریں گردش کررہی تھیں تاہم وائٹ ہاؤس نے اس کی تردید کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ نہیں کروایا، وائٹ ہاؤس 

دنيا بھر ميں کورونا وائرس سے متاثر مريضوں کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، 68 ہزار سے زائد کيسز کے نتائج سامنے آچکے جبکہ 64 ہزار سے زائد افراد صحت ياب ہوچکے اور 46 ہزار سے زائد افراد اس وقت کورونا سے متاثر ہيں۔

رپورٹ کے مطابق 40 ہزارسے زائد افراد کی حالت معتدل ہے، 5 ہزار سے زائد مريض تشويشناک حالت ميں ہيں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

عیسائیوں کے مذہبی شہر ویٹی کن نے سینٹ پیٹرز اسکوائر اور بیسیلیکا کا چرچ 3 اپریل تک بند کرنے کا اعلان کردیا۔ اٹلی میں فٹبال لیگ اور فضائی سروس معطل کردی گئی ہے، کئی پڑوسی ممالک نے اپنی سرحدیں بھی بند کردیں۔

مزید جانیے : کورونا، اٹلی لاک ڈاؤن میں عائد پابندیاں کون سی ہیں

جنوبی کوریا میں بھی کورونا وائرس سے اب تک 54 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، 7 ہزار 513 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، فرانس میں 25 اور اسپین میں مہلک مرض سے 28 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 525 ہوگئی جبکہ 24 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، منگولیا اور قبرص میں بھی کورونا وائرس کے پہلے کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

Tabool ads will show in this div