اسلام آباد : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے تہلکہ خیز انکشاف کیا ہے کہ قربانی کے جانوروں اور دوسری اشیا کی خریداری میں جعلی نوٹوں کا استعمال کیا گیا۔ بعض بینکوں نے جعلی نوٹ جاری کيے۔!
عید قربان پر جعلی کرنسی مافیا نے اندھیر مچائے رکھا، قربانی کے جانوروں کی خریداری میں جعلی نوٹوں کو بے تحاشہ استعمال کیا گیا، بعض بینکوں کا عملہ بھی گندے دھندے میں شریک تھا،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے بھانڈا پھوڑ دیا۔
قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے اجلاس کو بتایا کہ قربانی کے بیل بکروں کی خریداری میں زیادہ تر جعلی نوٹ استعمال ہوئے، مسلم لیگ ق کے کامل علی آغا کے مطابق کچھ بینکوں نے عید پر جعلی نوٹ جاری کئے، کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ آئندہ کوئی نوٹ چیک کئے بغیر جاری نہ کیا جائے۔
سرکاری حکام کے مطابق اسٹیٹ بینک نوٹوں کی چیکنگ کیلئے دو مشینیں خرید رہا ہے، مشینیں مارچ سال دو ہزار سولہ تک مل جائیں گی، ان پر چالیس کروڑ لاگت آئے گی، اس سے بینکنگ نظام سے جعلی نوٹ مارکیٹ میں جانے کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ سماء