حکومت کا کسان پیکیج کی معطلی کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان
اسلام آباد : حکومت نے کسان پیکج کی معطلی کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا، پرویز رشید کہتے ہیں عمران خان نے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال کر فیصلہ لیا تھا۔
کسان پیکیج کی منسوخی پر سرکار سخت ناراض، الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کردیا، پرویز رشید نے عمران خان پر تنقیدی تیروں کی برسات کردی۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت چھوٹے کاشتکاروں کے تحفظ کیلئے قانونی حق استعمال کرے گی، کسان پیکیج بلدیاتی انتخابات سے نہ جوڑا دیا جائے۔
پرویز رشید روایتی حریف عمران خان پر تنقیدی یلغار کرنا بھی نہیں بھولے، بولے حکومت جب بھی عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے کوئی قدم اٹھاتی ہے، تو خان صاحب اس پر واویلا شروع کردیتے ہیں، یہ فیصلہ بھی الیکشن کمیشن کی کنپٹی پر بندوق رکھ کر لیا گیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کسان پیکیج کا مقصد چھوٹے کسانوں کی خوشحالی ہے، جس کا مطالبہ خود عمران خان اور ارکان پارلیمنٹ نے کیا تھا، کیا الیکشن کمیشن عوام کو دی جانے والی سہولتوں کو اسی طرح روکتا رہے گا۔ سماء