یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ، پاکستان نے زمبابوے کو شکست دیدی
ہرارے : پاکستان نے پہلے ون ڈے میں زمبابوے کو 131 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، یاسر شاہ نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
ہرارے اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 259 رنز بنائے۔
جواب میں پاکستانی اسپنرز نے زمبابوین بیٹنگ لائن تباہ کر ڈالی، میزبان ٹیم 37 اوورز میں 128 رنز ہی بناسکی، یاسر شاہ نے ون ڈے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 9 اوورز میں 26 رنز دے کر 6 وکٹیں لیں جبکہ شعیب ملک نے 30 رنز کے بدلے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عماد وسیم نے بھی ایک شکار کیا۔
زمبابوے کی جانب سے برائن چاری 16، چامو چبھابھا 12، ہیملٹن مساکیڈزا 15، شون ولیمز 26، سکندر رضا 19، ایلٹن چگمبرا 22، رچمنڈ متومبامی 3، لیوک جونگوے 0، گریم کریمر 2، پنیانگرا 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جون نیومبو 2 رنز بناسکے۔
اس سے قبل پاکستان کے ابتدائی بيٹسمين ناکام رہے، 35 رنز پر 3 وکٹيں گرگئيں، شعيب ملک اور سرفراز احمد نے ٹيم کی پوزيشن کچھ بہتر بنائی، وکٹ کیپر بیٹسمین 44 اور آل راؤنڈر 31 رنز بناسکے۔
محمد رضوان اور عماد وسيم نے ذمہ داری سے کھيلتے ہوئے ٹيم کا اسکور 259 رنز تک پہنچايا، رضوان نے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھيلی، عماد وسيم نے 61 رنز بنائے۔
یاسر شاہ کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سماء