کرونامریض سےمتعلق"دی نیوز"کی خبرغلط ہے،محکمہ صحت

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا بیان غلط قرار
Mar 01, 2020

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق کرونا وائرس اور کراچی میں تصدیق کیے گئے کیس سے متعلق انگریزی اخبار دی نیوز کی خبر حقائق کے برعکس ہے۔

محکمہ صوبائی صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ظاہر ہونے والے پہلے کرونا وائرس سے متعلق جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے بیان میں صداقت نہیں۔

سیکریٹری صحت سندھ زاہد عباسی نے آغا خان میں زیر علاج نوجوان میں کرونا وائرس نہ ہونے سے متعلق خبروں کی بھی تردید کی۔

سیکریٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ ایران سے سفر کرکے آنے والے نوجوان کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر اسے علاج کے لیے آئیسولیشن میں رکھا گیا۔ نوجوان کے طبی ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے، اس لیے وہ زیر علاج ہے۔

زاہد عباسی کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آنے پر ہی اسے اسپتال سے فارغ کیا جائے گا۔ نوجوان کے خاندان کے دیگر افراد کے ٹیسٹ منفی آئے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نوجوان کی صحت میں بہتری آرہی ہے۔ محکمہ صحت سندھ معلومات کے پھیلاؤ میں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔ صورت حال سے متعلق عوام کو میڈیا کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ نہ کی جائے۔

Tabool ads will show in this div