علی ظفرکوعلی عظمت کی ویڈیوکا انتظار
پی ایس ایل کے آفیشل سونگ سے مایوس شائقین کیلئے نیا ترانہ بنانے والے علی ظفر کی تمام تیاریاں مکمل ہیں، لیکن انہیں گانے کی ویڈیو میں شامل کرنے کیلئے علی عظمت کے ڈانس اسٹیپس کا انتظار ہے ۔
کرکٹ شائقین نے پی ایس ایل سیزن 5 کے آفیشل سونگ کو جوش وخروش سے بالکل عاری قرار دینے کے ساتھ ساتھ پی سی بی انتظامیہ اور گلوکاروں کو بھی کڑے نشانے پر رکھا تھا ۔ بعد ازاں اسے گانے والوں میں شامل گلوکار علی عظمت نے نام لیے بغیر اس کا الزام علی ظفر پردھر دیا تھا۔
پہلے 3 سیزنزمیں اپنی دھاک بٹھانے والے علی ظفر نے سوشل میڈیا پرفالورز کو ہیش ٹیگ ’’بھائی حاضرہے‘‘ کے ساتھ پیغام دیا کہ ’’بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟‘‘ اس پیغام سے انہوں نے بتایا تھا کہ وہ پی ایس ایل کے حوالے سے اپنا گانا جلد لارہے ہیں۔ گانے کے بول کاآغاز ’’ ہم جب نکلیں تو آندھی آتی ہے‘‘ سے ہوتا ہے۔
حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام میں علی عظمت نے اس حوالے سے سوال پر کہا تھا کہ ایسے ایونٹس میں ہر بندہ اپنا گانا بنانا چاہتا ہے تو علی ظفر ایسا کیوں نہ کریں۔ میں تو چاہتا ہوں کہ علی ظفر اپنا گانا بنائیں بلکہ انہوں نےسب سے ڈانس اسٹیپس کرنے کو کہا ہے تو میں بھی آج رات تک انہیں اپنے ڈانس اسٹیپس کی ویڈیو بھیجوں گا‘‘۔
علی ظفر نے ٹوئٹر پرعلی عظمت کا یہی ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی ہے کہ آپ کی ویڈیو ابھی تک نہیں ملی۔
Ye baat ! Bhaee video ka wait ker raha hai sir. Sunday release ki koshish hai. Aapka shot reh gaya hai @RealAliAzmat ? #bhaeehazirhai pic.twitter.com/JGEXlLVaXm
— Ali Zafar (@AliZafarsays) February 28, 2020
اپنی ٹویٹ میں علی ظفر نے لکھا ’’ یہ بات ، بھائی ویڈیو کاانتظار کر رہا ہے سر، اتوار کو گانا ریلیز کرنے کی کوشش ہے، آپ کا شوٹ رہ گیا ہے ‘‘۔
اس سے قبل راک اسٹار ایک ویڈیو پیغام میں بتا چکے ہیں کہ وہ 3، 4 روز سے سوئے نہیں اورگانا تیار ہونے تک نہیں سوئیں گے، پوری کوشش ہوگی کہ اتواریکم مارچ کی شام تک ویڈیو ریلیز کردیں۔
UPDATE ! Video aa rahee hai. #bhaeehazirhai #cricket #anthem #pakistan pic.twitter.com/dHjK2xfsw6
— Ali Zafar (@AliZafarsays) February 28, 2020
یاد رہے کہ علی ظفر نے نئے گانے کے حوالے سے عوام کو ڈانس اسٹیپ بتاتے ہوئے اپنی ویڈیوز بھیجنے کی دعوت دی تھی جس پر نوجوان طبقے کی جانب سے انہیں بہت اچھا رسپانس ملا۔
ٹوئٹر پر ’’بھائی حاضر ہے ‘‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ بہت سی ویڈیوز اور پیغامات بھیجتے ہوئے سوشل میڈیاصارفین نے اپنی بھرپور دلچسپی ظاہرکی۔
پاکستان سپر لیگ کے پہلے تینوں ایڈیشنز میں علی ظفر نے الگ الگ نغمے تحریر اور کمپوز کیے تھے اورگائے بھی خود ہی تھے۔ چوتھے ایڈیشن کے نغمے ’’کھیل دیوانوں کا‘‘ میں اداکار و گلوکار فواد خان کا ساتھ ینگ دیسی ریپر نے دیا جبکہ نغمہ شجاع حیدر نے تحریر کیا تھا جبکہ سیزن 5 کا آفیشل سانگ پاکستان کے 4 بڑے گلوکاروں نے تیارکیا ہے جن میں عارف لوہار، علی عظمت، ہارون اورعاصم اظہرشامل ہیں۔