پشاورزلمی کا ملتان سلطانز کوجیت کیلئے 124رنز کاہدف

ملتان میں پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 124 رنز کا ہدف دیا ہے، سیمی الیون 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سہیل تنویر نے 4 شکار کئے، حیدر علی نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔
ملتان کرکٹ گراؤنڈ پر پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی کو 123 رنز تک محدود کردیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے نوجوان بیٹسمین حیدر علی کے علاوہ کوئی بھی بلے باز سلطانز کے بولر کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکا، انہوں نے 27 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے، وہ چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ٹام بینٹن 4، کامران اکمل 15، شعیب ملک 2، لیام لیونگ اسٹون بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، لیام ڈاؤسن نے کچھ مزاحمت کی اور 22 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے، وہاب ریاض 9، ڈیرن سیمی 2، حسن علی 8 اور راحت علی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد عامر خان 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر نے صرف 13 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد عرفان اور محمد الیاس نے 2، 2 شکار کئے، شاہد آفریدی اور عمران طاہر ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
پی ایس ایل 5 کے آٹھویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کےخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کر لیا۔
شان مسعود ملتان سلطانز اور ڈیرن سمی پشاور زلمی کی قیادت کر رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں نے کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پی ایس ایل 5 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے تین، تین میچز کھیل چکے ہیں جب کہ پشاور زلمی، ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز نے 2،2 میچز میں پنجہ آزمائی کی۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ سرفہرست ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا دوسرا نمبر ہے۔ دونوں ٹیموں نے 2،2 میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آخری پوزیشن پر لاہور قلندرز ہے جو ابھی تک ناکام رہی۔