
ماسکو : صرف سات ٹوئٹس پر آٹھ لاکھ سے زائد مداح آگئے، جی ہاں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے منحرف ایجنٹ ایڈورڈ اسنوڈن نے بھی بالا آخر ٹوئٹر جوائن کر ہی لیا، اسنوڈن کو صرف سات ٹویٹس پر ہی آٹھ لاکھ سے زائد فالوورز مل گئے۔
امریکی خفیہ ادارے کی نیند اڑانے والا منحرف ایجنٹ ایڈورڈ اسنوڈن ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا، جی ہاں امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سابق كنٹریكٹر اور ملک کی خفیہ معلومات افشاں کرنے والے ایڈورڈ سنوڈن نے سماجی رابطے کی مقبول سائٹ ٹویٹر پر اپنا اکاؤنٹ کھول لیا۔

اپنی پروفائل میں دیئے گئے مختصر تعارف میں اسنوڈن نے لکھا ہے کہ میں پہلے حکومت کے لیے کام کرتا تھا، مگر اب میں عوام کیلئے کام کرتا ہوں، امریکا کو مطلوب اسنوڈن کو صرف سات ٹویٹس پر ہی آٹھ لاکھ سے زائد فالوورز بھی مل گئے ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ خفیہ معلومات ظاہر کرنے والے ایڈورڈ اسنوڈن ٹویٹر پر صرف ایک صارف کو فالو کر رہے ہیں اور وہ ہے امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) جس کے خلاف انہوں نے جنگ کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ دو ہزار تیرہ میں ایڈورڈ اسنوڈن نے میڈیا میں امریکا کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے انٹرنیٹ اور فون ریکارڈز کی نگرانی کی تفصیلات افشاں کی تھیں۔ سماء