پی ایس ایل 5 میں آج 2 بڑے میچز کھیلے جائیں گے

پاکستان سپر لیگ 5 کے سال 2020 ایڈیشن میں آج ہفتہ کے روز 2 اہم میچز کھیلے جا رہے ہیں۔
پی ایس ایل 5 میں آج پہلا مقابلہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا، جب کہ دوسرا اہم میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کا ہوگا۔
پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دوپہر 3 بجے ایک دوسرے کے مدمقابل میدان میں اتریں گی، جب کہ دوسری جانب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کا زور شام 7 بجے پڑے گا۔
پی ایس ایل سیزن 5 میں اب تک تمام 6 ٹیمیں ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔ ملتان، کوئٹہ اور کراچی نے اپنے پہلے میچز میں کامیابی حاصل کیں، جب کہ پشاور، اسلام آباد اور لاہور قلندرز کو پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے پی ایس ایل فائیو کے افتتاحی میچ میں جمعرات 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دی ہے۔
ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ 9 میچز کراچی،14 لاہور ،8 راول پنڈی اور 3 ملتان میں ہوں گے۔ ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
کراچی ٹریفک پلان
نیشنل اسٹیڈیم کراچی آنے والے شائقین کو پارکنگ کے لئے اصل شناختی کارڈ اور ٹکٹ دکھانا ہوگا۔ میچز دیکھنے کے خواہش مند شہریوں کے لئے پارکنگ پوائنٹس مختص ہوں گے۔ سیکیورٹی کے لئے 10ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات ہوں گے، ٹیموں کے روٹس کو صرف نقل و حرکت کے وقت بند کیا جائے گا۔




لاہور ٹریفک پلان
لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے 14 میچز کے لیے پولیس نے سیکیورٹی اینڈ ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا۔ شائقین کیلئے 3 پارکنگ اسٹینڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔ رکشے اور سی این جی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا۔
ڈولفن اسکواڈ اور ایلیٹ ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔ بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات ہوں گے۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے اسٹیڈیم کے اطراف کی مانیٹرنگ بھی ہوگی۔
ترجمان سٹی ٹریفک پولیس لاہور کا کہنا ہے کہ میچز کے دوران 16 سو سے زائد ٹریفک اہلکار کو بھی ڈیوٹی پر تعینات کیا جا رہا ہے۔ رانگ پارکنگ کی روک تھام کے لیے 20 فورک لفٹرز، 5 بریک ڈاؤنز موجود ہوں گے۔

میچ کے دوران مسلم ٹاؤن موڑ سے کلمہ چوک تک کا انٹر سیکشن عام ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔ مزنگ فیروز پور روڈ سے قصور اور کینٹ جانے والی ٹریفک کو مسلم ٹاؤن موڑ سے وحدت روڈ کی طرف موڑا جائے گا، جب کہ قصور سے چوبر جی جانے والی ٹریفک کو براستہ پیکو روڈ، والٹن روڈ متبادل راستوں پر چلایا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن مکمل طور پر متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوا تھا جبکہ دوسرے سیزن کا فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد کرایا گیا، تیسرے اور چوتھے سیزن کے کچھ میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے گئے، یہ پہلی بار ہے کہ پورا ایونٹ پاکستان کے میدانوں پر منعقد ہورہا ہے۔