فلم ٹچ بٹن کے میوزک کی تفصیلات سامنے آگئی
عروہ حسین اور فرحان سعید کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی فلم ٹچ بٹن کے میوزک کے حوالے سے تفصیلات سامنے آگئیں ہیں۔
فلم کی کاسٹ میں فرحان سعید، فیروز خان ،ایمان علی اور سونیا حسین سمیت دیگر نامور اداکار شامل ہیں۔
فلم”ٹچ بٹن“ میں ایمان علی اپنے کیرئیر کے ایک منفرد کردار میں نظر آئیں گی جبکہ فلم کے ذریعے فرحان سعید بھی بڑے پردے پر ڈیبیو کرینگے، فلم کی موسیقی ایڈرین ڈیوڈ ایمانوئل اور نوید ناشاد نے ترتیب دی ہے۔
باکس آفس ڈیٹیل کی رپورٹ کے مطابق گلوکار فرحان سعید نہ صرف اس فلم میں اداکاری کررہے ہیں بلکہ وہ ٹچ بٹن کی موسیقی کا اہم حصہ خود ترتیب دے رہے ہیں اور میوزک کمپوز کے ساتھ ساتھ فلم میں انہوں نے ایک گانا بھی گایا ہے جس میں بین الاقوامی خاتون گلوکارہ نے ان کا ساتھ دیا ہے تاہم گلوکارہ کا نام تاحال نہیں بتایا گیا ۔
فلم میں گلوکار عاصم اظہر سمیت دیگر نئے گلوکاروں کو بھی موقع دیا گیا ہے ۔
اس فلم کی زیادہ تر شوٹنگ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب اور لاہور کے نواحی علاقوں میں کی گئی جبکہ فلم کے آخری سپیل کی شوٹنگ ترکی میں کی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ فلم کی تحریر فائزہ افتخار نے کی ہے جبکہ یہ فلم قاسم علی مرید،عروہ حسین اور فرحان سعید کی مشترکہ پروڈکشن میں بن رہی ہے ۔
ایکشن، سسپنس اور رومانس سے بھرپور فلم ’ٹچ بٹن‘عیدالفطر کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔