نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز،شائقین کےلیےروٹ پلان جاری

پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کا میلہ سجنے کو تیار ہے۔ کراچی ٹریفک پولیس نے روٹ پلان جاری کردیا ہے۔
پی ایس ایل سیزن 5 کے افتتاحی میچز20 تا 23 فروری کھیلے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے کے میچز 12 تا 15مارچ اور 17مارچ کوکھیلے جائیں گے۔
اسٹیڈیم آنے والے شائقین کوپارکنگ کے لئے اصل شناختی کارڈ اور ٹکٹ دکھانا ہوگا۔ میچز دیکھنے کے خواہشمند شہریوں کے لئے پارکنگ پوائنٹس مختص ہوں گے۔

ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ ضلع وسطی اور غربی کے شہریوں کے لئے حسن اسکوائر سے بائیں جانب یونیورسٹی روڈ پرپارکنگ ہوگی۔ ضلع ملیر اور شرقی سے آنے والے افراد بھی اپنی گاڑیاں وموٹرسائیکلیں پارک کرسکیں گے۔ شائقین کوشٹل سروس کے ذریعے ایکسپو سینٹر تک لایا جائے گا۔
ڈالمیا کے قریب غریب نواز فٹبال گراؤنڈ بھی پارکنگ پوائنٹ ہوگا، ضلع جنوبی اوراولڈ سٹی ایریا سے آنے والے شائقین کے لئے ایکسپوسینٹر گیٹ نمبر1 کے قریب پارکنگ ہوگی۔ آغاخان اسپتال کے قریب رعنا لیاقت علی گرلز کالج کا میدان بھی پارکنگ پوائنٹ ہوگا۔ شارع فیصل سے براستہ کارساز نیشنل اسٹیڈیم ٹریفک کوآنےکی اجازت نہیں ہوگی۔ راشد منہاس روڈ سے براستہ ڈالمیا نیشنل اسٹیڈیم آنے والی شاہراہ بھی بند ہوگی۔
اس کےعلاوہ لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور بھی نیشنل اسٹیڈیم تک آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یونیورسٹی روڈ پرنیوٹاؤن ٹرننگ سے نیشنل اسٹیڈیم جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ لیاقت نیشنل اسپتال،آغاخان اسپتال آنے والوں واطراف کےمکینوں کی رہنمائی کے لئے ٹریفک پولیس موجود ہوگی۔
ٹریفک پولیس حکام نے بتایا ہے کہ بند کی جانے والی شاہراہوں کےاطراف مقیم افراد اصل شناختی کارڈ دکھا کر منزل تک جاسکیں گے۔ یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اورراشد منہاس روڈ ٹریفک کے لئے کھلے رہیں گے،متبادل شاہراہوں پر میچز کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔


