عمر شریف کی بیٹی انتقال کر گئیں

عمرشریف کی صاحبزادی گردوں کے مرض میں مبتلا تھیں

گردے کی غیرقانونی پیوندکاری نے معروف کامیڈین عمر شریف کی بیٹی کی جان لے لی، مرحومہ کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈاکٹر فواد ممتاز نے دھوکے سے حرا عمر شریف کاآپریشن کیا۔

معروف کامیڈین عمر شریف کی 34 سالہ صاحبزادی حرا عمرشریف کا واسطہ ایک جعلساز ڈاکٹر سے پڑا جسے آپریشن کیلئے چونتیس لاکھ روپے دئیے گئے لیکن جان نہ بچ سکی۔

عمر شریف کی صاحبزادی گردوں میں انفیکشن کے مرض میں مبتلا تھیں ،سنگدل ڈاکٹر لاہور میں آپریشن کرنے کاوعدہ کرکے آنکھوں پر پٹی پاندھ کر آزاد کشمیر لے گیا تاہم گردے کی غیرقانونی پیوندکاری کامیاب نہ ہوسکی ۔

پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کےمطابق حراعمرشریف کا آپریشن آٹھ روز قبل کشمیرمیں کیا گیا تھا۔

دو روز قبل حرا شریف کوحالت غیر ہونے پر لاہورکے نجی اسپتال منتقل کیا گیا مگروہ جانبرنہ ہوسکیں ۔

اتھارٹی نے غیرقانونی پیوند کاری کرنے والے ڈاکٹر فواد ممتاز کی گرفتاری کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔

واضح رہے کہ عمر شریف ہیوسٹن میں ایک پروگرام میں شرکت کیلئے گئے ہوئے تھے،وہ بیٹی کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی اپنی تمام تر مصروفیات ترک کرکے واپس آ رہے ہیں ۔

مرحومہ کی تدفین کل بروز بدھ 19فروری کو متوقع ہے ۔

Umer shariff

Tabool ads will show in this div