فیصل آباد میں گھر سے 2بھائیوں کی لاشیں ملی ہیں، پولیس

دونوں نوجوانوں کو گولیاں مارکر قتل کیا گیا
Feb 16, 2020

فیصل آباد میں قتل کی پراسرار واردات، گھر کے ڈرائنگ روم سے 2 سگے بھائیوں کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔

فیصل آباد کے علاقے گھونہ میں ایک گھر کے ڈرائنگ روم سے 2 بھائیوں کی لاشیں ملی ہیں، اہل خانہ نے فائرنگ کی آواز اور نہ ہی کوئی شور سنا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے کاشف اور ثاقب کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، گھر سے کوئی سامان بھی چوری نہیں ہوا، ایک بھائی کی بیوی کی آنکھ کھلی تو گھر کا گیٹ کھلا ہوا تھا جبکہ ڈرائنگ روم کی لائٹیں جل رہی تھیں، جا کر دیکھا تو دونوں کی لاشیں صوفے پر پڑی تھیں۔

پولیس نے پراسرار واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ سماء کے رابطہ کرنے پر پولیس نے کچھ بھی بتانے سے گریز کرتے ہوئے پی آر او سے رابطہ کرنے کا کہہ دیا۔

رپورٹ کے مطابق فارنزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلئے جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

Tabool ads will show in this div