پاکستان اور بھارت تحمل کامظاہرہ کریں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان اور بھارت سے لائن آف کنٹرول ورکنگ باؤنڈریز پر تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کردیا، کہتے ہیں کہ دونوں ملکوں میں امن بحالی کیلئے اقوام متحدہ کردار ادا کرسکتا ہے۔ انتونیو گوتریس نے افغانستان میں امن کی بحالی کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کردی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور کشمیر، بھارت اور افغانستان سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دورے کی دعوت دینے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دوسرا بڑا ملک ہے جو مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے، پاکستان مہاجرین کی آباد کاری کیلئے بااعتماد دوست ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی امن مشنز میںٕ بہت بڑا کردار ہے، افغانستان میں امن کی بحالی میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔
گوتریس کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایل او سی ورکنگ باؤنڈریز پر تحمل کا مظاہرہ کریں، دونوں ملکوں میں امن بحالی کیلئے اقوام متحدہ کردار ادا کرسکتا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ سیکریٹری جنرل سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی، انتونیو گوتریس کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ پورے کشمیر میں 200 دن سے لاک ڈاؤن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کیلئے اقوام متحدہ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، پاکستان افغان امن عمل کیلئے کوشاں ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے مقبوضہ وادی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمير ميں انسانی حقوق کا احترام یقینی بنايا جائے، مسئلہ کشمير کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت مذاکرات کی ميز پر آئيں، دونوں فريق قبول کريں تو اقوام متحدہ ثالث کا کردار ادا کرسکتا ہے۔
مزید جانیے : اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو تمام تنازعات بات چيت سے حل کرنے چاہئیں، میں ہمیشہ دونوں ملکوں میں مذاکرات کا حامی رہا ہوں۔
پاکستان اور بھارت ميں آبی وسائل سے متعلق تنازعات پر بات کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ پانی تنازع کا نہيں، امن کا ذريعہ ہونا چاہئے، دونوں ممالک ميں پانی کی تقسيم سے متعلق عالمی معاہدہ موجود ہے
اسلام آباد ميں ماحولياتي تبديلی کی تقريب ميں سوال جواب کے سيشن ميں انہوں نے کہا کہ کوئی ملک دوسرے ملک کو مشکلات سے دوچار کرکے خود بھی سکون سے نہيں رہ سکتا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس 4 روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچے، جہاں ان کا استقبال اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کیا۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اہم رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے، ساتھ ہی وہ مختلف تقاریب میں شرکت کرنے کے ساتھ امن مشن میں پاکسانی پیس کیپرز سے ملیں گے۔
انتونیو گوتریس 18 فروری کو لاہور بھی جائیں گے جہاں وہ تاریخی بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کی سیر کریں گے، اس کے علاوہ لاہور میں اسکول کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے اور انٹر فیتھ لیڈرز سے ملیں گے جبکہ وہ گوردوارہ کرتار پور کا دورہ بھی کریں گے۔