کشمور پولیس نے کیسے سادہ لوح خاندان کو اغواکاروں سےبچایا

اغواکاروں کا انوکھا منصوبہ ناکام

بالائی سندھ میں ڈاکوؤں کے گروہ فون پر نسوانی آواز میں نوجوانوں سے دوستیاں کر کے انہیں ملنے کے بہانے بلاکر اغوا تو کرتے ہی ہیں لیکن اب انہوں نے طریقہ واردات بدلتے ہوئے خاندان کے بڑوں کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے کچے کے علاقے میں موجود ڈاکوؤں نے لڑکی بن کر کشمور سے ایک نوجوان کو ورغلایا اور اس کو ملاقات کیلئے بلاکر اغوا کرلیا۔ بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی نوجوان کو بازیاب اور ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ اس کے بعد پولیس بھی ہوشیار ہوگئی اور ڈاکوؤں نے بھی طریقہ بدل لیا۔

واردات کا نیا طریقہ ڈاکوؤؤں نے جامشورو کے رہائشی امتیاز علی کھوسو پر آزمایا جو اپنی والدہ اور دادی کے ہمراہ رشتہ مانگنے کی غرض سے گڑھی تیغو کے کچے کے علاقے کی طرف رواں دواں تھا کشمور پولیس نے معاملہ بھانپ کر انہیں مصیبت میں پھنسنے سے بچا لیا۔

پولیس کے مطابق خواتین کی آواز میں فون پر لوگوں سے دوستی کا جھانسہ دے کر اغوا کرنے والے گینگ نے امتیاز اور اس کی ماں و دادی کو کچے کے علاقے میں رشتے کا جھانسہ دے کر بلایا تھا۔

ڈاکوؤں نے پہلے امتیاز سے فون پر نسوانی آواز میں دوستی کی۔ پھر ان کی والدہ سے لڑکی کے والدین بن کر کہتے رہے کہ اگر آپ لوگ رشتہ مانگنے نہیں آئے تو لڑکی زہر کھا لے گی۔ جس پر ترس کھاکر امتیاز اور اس کے گھر والے رشتہ مانگنے کی غرض سے جامشورو سے چل کر کشمور پہنچ گئے۔

پولیس کے مطابق ان دنوں ایسے گروہوں کے خلاف کارواٸياں جاری ہیں۔ اس لیے انہیں فون ٹریسنگ کے ذریعے پتہ چلا کہ یہ خاندان ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھنے جا رہا ہے۔ کچے جانے والے راستوں پر پولیس چوکیاں بھی موجود ہیں جہاں ان افراد کو روک کر کسی ممکنہ مشکل سے دوچار ہونے سے بچا لیا گیا۔

امتیاز کی والدہ حاجرہ نے سماء کو بتایا کہ ان سے فون پر یہ کہا گیا تھا کہ اگر آپ لوگ رشتے کیلئے نہیں آئے تو ہماری لڑکی زہر کھا کر اپنی جان دے دے گی۔ جس پر میں نے اب سے کہا کہ میں بیٹے کی تصویر لے کر اپنے شوہر کے ساتھ آجاتی ہوں۔ مگر اس طرف سے اصرار کیا گیا کہ اپنے شوہر کو رہنے دیں۔ بیٹے کو ساتھ لے آئیں۔

حاجرہ نے بتایا کہ جب ہم گڑھی تیغو کے کچے کے علاقے میں داخل ہو رہے تھے تو ہمیں پولیس نے روک لیا اور اغوا ہونے سے بچا لیا۔

ایس ایچ او کرم پور سرور برڑو نے سماء کو بتایا کہ اس گروہ کو ٹریس کر لیا گیا ہے اور جلد ہی ان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

Tabool ads will show in this div