لاہور،دھند کے باعث بس کو حادثہ، پانچ مسافر جاں بحق،18زخمی
ویب ڈیسک:
لاہور : کالا ختائی کے علاقے میں بس الٹنے سے پانچ مسافر جاں بحق، جب کہ 18 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کی علی الصبح کالا ختائی روڈ پر تیز رفتار بس الٹنے سے پانچ مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جب کہ بد قسمت حادثے میں اٹھارہ سے زائد مسافر زخمی بھی ہوئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔ زخمیوں اور لاشوں کو میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ دوسری جانب موٹر وے حکام نے گہری دھند کے باعث موٹر وے پر سفر کرنے والوں کیلئے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔ موٹر وے حکام کے مطابق بابو صابو انٹر چینج سے شیخوپورہ انٹر چینج تک شدید دھند ہے، جس کے باعث مسافروں سے گاڑیاں آہستہ چلانے کی درخواست کی گئی ہے، حکام کے مطابق دھند کے باعث حد نگاہ پانچ سے پندرہ میٹر تک ہے، تاہم موٹر وے کو بند نہیں کیا گیا۔ سماء