اسلام آباد : وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے منیٰ میں لاپتا پاکستانیوں کی تلاش میں سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم آفس کو متحرک ہونے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے لاپتا پاکستانیوں کے لواحقین کی تشویش اور ہیلپ لائن کے معیار کا جائزہ لینے کے لئے خود کال بھی کر ڈالی۔
امریکا میں موجود وزیراعظم نواز شریف کو منیٰ سانحہ کی لمحہ بہ لمحہ صورت حال سے آگاہ کیا جا رہا ہے، وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے ہیلپ لائن پر کال کرکے سروس کے معیار کا ٹیلی فونک معائنہ کیا۔
وزیراعظم نے پچاسی لاپتا افراد کے لواحقین کو فون کرنے کا حکم دیتے ہوئے اپنے آفس کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ خود لاپتا افراد کے لواحقین کو نہ صرف لمحہ بہ لمحہ صورت حال سے آگاہ رکھیں بلکہ انہیں خود فون کرکے معلومات فراہم کی جائے۔ سماء