تاریخی مہنگائی، وزیراعظم نااہلی تسلیم کریں، بلاول
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری تاریخی مہنگائی پر حکومت کیخلاف پھٹ پڑے، کہتے ہیں کہ عوام کے معاشی قتل پر خاموش نہيں رہ سکتے، حکمران عوام کو ريليف ديں يا گھر چلے جائيں۔ وزیراعظم خود کو نااہل اور سلیکٹڈ تسلیم کریں۔
قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری نے حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ہونیوالی تاریخی مہنگائی پر کڑی تنقید کی، بولے کہ حکومتی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہيں کہ مہنگائی نے نئے ريکارڈ بنا ڈالے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے عوامی حقوق کے تحفظ کيلئے عوامی حکومت کا مطالبہ کر ديا۔
انہوں نے کہا کہ نااہل، سلیکٹڈ اور عوام دشمن حکومت کو گھر جانا ہوگا، مہنگائی نے عوام کا جينا دوبھر کرديا، ہر طبقہ پريشان ہے، عوام کے معاشی قتل پر عوامی نمائندے خاموش نہيں رہ سکتے، جو عوامی نمائندہ نہيں وہی معيشت کو بہتر کہہ رہا ہے۔
حفیظ شیخ پر تنقید کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف وفد آئی ايم ايف کے نمائندوں سے بات کررہا ہے، نظر آرہا ہے کہ حکومت عوامی مسائل کو کتنی اہمیت دیتی ہے۔
انہوں نے مہنگائی سے متعلق حکومتی اداروں کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دس سال میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی ایک سال میں ہوگئی، عوام ہم سے پوچھ رہے ہیں کہ بچوں کو کھانا کھلائیں یا بجلی، گیس کا بل بھریں۔
بلاول نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتے تھے وزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے تو مہنگائی بڑھتی ہے، سلیکٹڈ اور کرپٹ لوگوں کو عوام کے مسائل کا اندازہ نہیں ہوتا، عوام کے حقوق پر سودے بازی کرنے سے مسائل بڑھتے ہیں، وزیراعظم بتائیں ان کی کونسی کرپشن کی وجہ سے مہنگائی بڑھی، یا پھر ہماری بات مان لیں آپ نااہل اور سلیکٹڈ ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ آج ہم 25 ارب روپے روزانہ کا قرض لے رہے ہیں، عمران خان نے کہا تھا خودکشی کرلوں گا، ہمارا مطالبہ خودکشی نہیں، مان لو آپ غلط تھے اور غلط ہو، عمران خان کہتے تھے عوام اس لیے ٹیکس نہیں دیتے کہ وزیراعظم ایماندار نہیں، چیئرمین ایف بی آر کہتے ہیں حکومت ٹیکس اہداف حاصل نہیں کرپا رہی، انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہمارا وزیراعظم ایماندار نہیں؟، کیا حکومت کرپٹ ہے؟، ہم کہتے ہیں حکومت نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ ہے اس لئے ٹیکس وصول نہیں ہورہا۔
بلاول کہتے ہیں کہ پہلے دن سے کہا تھا یہ عوام دشمن بجٹ ہے، ان کی معاشی پالیسیاں عوام کا معاشی قتل کررہی ہیں، پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف بجٹ کسی صورت منظور نہیں، بتائے حکومت مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کا مقابلہ کرنے کیلئے کیا کررہی ہے؟، ماہرین حکومت کی پالیسیوں کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مزید لوگوں کے بیروزگار ہونے کی پیشگوئی کررہے ہیں۔
چیئرمین پی پی پی نے الزام لگایا کہ یہ حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سبوتاژ کررہی ہے، بینظیر نے غریبوں کیلئے جدوجہد کی، دنیا بھر میں ان کی پہچان ہے، عمران خان کو بے نظیر کی ایک تصویر برداشت نہیں ہوتی۔
بلاول جوش خطابت میں یہ بھی کہہ گئے کہ عمران خان جیسے سیاستدانوں کی پوری سیاست کسی نہ کسی آئی ایس آئی چیف کی مہربانی ہے، جس پر حکومتی اراکین نے شدید نعرے بازی کی، اسپیکر قومی اسمبلی کے روکنے پر انہوں نے کہا کہ اسپیکر کا کام وزیراعظم کا دفاع کرنا نہیں۔