چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی عہدے سے مستعفی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کہ صحت کی خرابی کے باعث عہدہ چھوڑا ہے اور دوبارہ ڈیوٹی جوائن نہیں کرسکتا۔ فیصلے سے متعلق اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
شبر زیدی 31 جنوری کو دوسری بار چھٹیوں پر گئے تھے۔ ڈاکٹرز نے شبر زیدی کو ذہنی تناؤ سے بچنے کےلیے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر بیماری کےباعث چھٹی پر ہیں، ترجمان
اس سے قبل 5 فروری کو ترجمان ایف بی آر ڈاکٹر حامد عتیق سرور نے ایک وضاحت جاری کی تھی کہ شبر زیدی طبی وجوہات کی بناء پر چھٹی پر ہیں اور طبیعت بہتر ہونے پر ایف بی آر چیئرمین کا چارج سنبھالیں گے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا تھا کہ چیئرمین ایف بی آر کی پوسٹ خالی نہیں ہوئی بلکہ اس پوسٹ پر نوشین امجد جاوید، ان لینڈ ریوینیو افسر گریڈ 22 کو بطور چیئرپرسن ایف بی آر کا چارج دیا گیا ہے۔
شبر زیدی کو مئی 2019 میں چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا تھا۔