علی عباس کی بیٹی نےکینسرکےمریضوں کیلئے بال عطیہ کردیے

معروف اداکار علی عباس کی 6 سالہ بیٹی نے اپنے لمبے بال کینسر کے مریضوں کیلئے عطیہ کردیے۔
علی عباس نے اس حوالے سے انسٹا گرام پر بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پوسٹ میں بتایا کہ رئیسہ نے اپنے 13 انچ لمبے صحت مند بال کینسر کے ان مریضوں کیلئے عطیہ کیے ہیں جو کیمو تھراپی کے عمل کے دوران اپنے بالوں سے محروم ہوچکے ہیں۔
اداکارنے واضح کیا کہ رئیسہ کو ایسا کرنے کیلئے کسی نے نہیں کہا تھا بلکہ مجھے حیرت ہے کہ اس نے خود اس خواہش کااظہار کیا۔ مجھے اپنی بیٹی پر فخر ہے۔
انسٹا صارفین نے بڑی تعداد میں اس پوسٹ کو پسند کرتے ہوئے علی عباس کی بیٹی کیلئے اتنے اچھے اقدام پر نیک خواہشات کااظہار کیا۔
واضح رہے کہ کیمو تھراپی کے دوران کینسر میں مبتلا مریضوں کے بال تیزی سے جھڑنے لگتے ہیں اور بیشتر اپنے بالوں سے محروم ہوجاتے ہیں۔