لڑکی بن کر نوجوان کو اغوا کرنے والے اغواکار گرفتار

مغوی بازیاب
Feb 07, 2020
[video width="400" height="224" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2018/02/WhatsApp-Video-2020-02-07-at-7.29.27-PM.mp4"][/video]

سندھ کے ضلع کندھکوٹ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی نوجوان کو بازیاب کرکے 3 اغواکاروں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے لڑکی بن کر نوجوان کو ورغلاکر اغوا کیا تھا۔

پولیس کے مطابق وزیرستان سے تعلق رکھنے والا نوجوان نعمت اللہ کشمور میں محنت مزدوری کرتا تھا۔ اس کو فون پر اغواکاروں نے لڑکی بن کر ورغلایا اور ملاقات کیلئے بلاکر اغوا کرلیا۔

پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایس ایس پی کشمور کی سربراہی میں کندھکوٹ کے علاقہ کچے کے درانی مہر گاؤں میں کارروائی کرتے ہوئے نعمت اللہ کو بازیاب کرلیا اور تین اغواکاروں کو گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

تھانہ درانی مہر کے ایس ایچ او وکیل جعفری نے بتایا کہ ہمیں خفیہ اطلاع ملی کہ اغواکار مغوی کو دوسری جگہ منتقل کر رہے ہیں جس پر پولیس نے آپریشن کا فیصلہ کیا اور ڈاکوں کے ساتھ مقابلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں مغوی بازیاب اور ملزمان گرفتار ہوگئے۔

ایس ایچ او کے مطابق گرفتار ملزمان پہلے سے مختلف تھانوں کو اغوا اور ڈکیتی سمیت مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

بازیاب ہونے والے نوجوان نعمت اللہ نے بتایا کہ ملزمان نے لڑکی بن کر دوستی کی اور ملاقات کیلئے غوثپور بلایا۔ جب متعلقہ مقام پر پہنچا تو 3 افراد نے اسلحہ تان کار گاڑی میں ڈالا اور نامعلوم مقام پر لے گئے۔