کرونا:فضائی آپریشن بحال،چین سےپرواز پاکستان پہنچ گئی

پروازسی زیڈ 6007 ارمچی سے اسلام آباد آئیگی
Feb 03, 2020

پاکستان کی جانب سے چین کیلئے فضائی پابندی 5 روز بعد 3 جنوری کو ہٹا دی گئی، جس کے بعد پہلی فلائٹ پیر کی صبح 9 بجے پاکستان پہنچ گئی۔

پاکستان نے چين کیلئے 3 فروری پیر سے پروازيں بحال کرنے کا فيصلہ کيا تھا، جس کے بعد آج سے پاکستان میں فضائی آپريشن شروع ہو رہا ہے۔ چین سے ساؤدرن چائنا ایئر کی پرواز سی زیڈ 6007 صبح 9 بجے ارمچی سے اسلام آباد پہنچ گئی۔

چائنا ایئر کی پرواز سے اسلام آباد آنے والوں میں 69 مسافر شامل ہیں، جس میں چینی سفیر، 57 پاکستانی اور 12 چینی باشندے شامل ہیں۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق چین سے آنے والے مسافروں کو معائنے کے بعد گھر جانے کی اجازت ہوگی۔

دوسری جانب چین سے 101 پاکستانی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ چین سے واپس آنے والوں میں 40 طلباء بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل پاکستان سے چین کیلئے فضائی آپریشن معطلی کا نوٹی فکیشن 2 فروری تک کے لیے جاری کیا گیا تھا۔ چین کے ساتھ فضائی رابطے منقطع کرنے والا پاکستان پہلا ملک نہیں ہے۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے صحت ظفر مرزا بھی موجود رہے اور انہوں نے مسافروں کی خیریت دریافت کی۔

واضح رہے کہ 29 جنوری کو فضائی آپریشن عارضی طور بند کیا گيا تھا۔ فضائی آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کرونا کے وائرس سے بچنے کیلئے کیا گیا تھا۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا جمعرات کو اپنی پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پاکستان نے چین سے اپنے شہریوں کو نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر ہم نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے چین سے لوگوں کو نکالنا شروع کیا تو یہ وبا جنگل کی آگ کی طرح پھیل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ عوامی صحت کے لیے چین نے جو پالیسیاں اپنائی ہوئی ہیں، اس کا احترام کریں اور اس بیماری کے پھیلاؤ کا سبب نہ بن جائیں۔

CHINA

Tabool ads will show in this div