نفیسہ شاہ کا شبرزیدی کو ڈاکٹرعاصم سے ٹیکہ لگوانےکا مشورہ

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ایف بی آر سے مطلوبہ ریکوریز نہیں ہو رہی اسی وجہ سے شبر زیدی ایک بار پھر بیمار ہوگئے انہیں چاہیے کہ ڈاکٹر عاصم سے ٹیکہ لگوائیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی رہنماء نفیسہ شاہ نے کہا کہ پاکستان تحریک تباہی کہیں یا سونامی کہیں انکی ہر ادارے میں تباہی نظر آئے گی، یہ پاکستان کے ہر ادارے کو گندا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سیاست اور سیاست دانوں کو گندا کیا پھر الیکشن کمیشن، پارلیمان اور افواج پاکستان کو متنازعہ بنایا۔ انہوں نے اب پاکستان کے غریبوں کو متنازعہ کر دیا ہے جبکہ بےنظیر انکم اسپورٹ پروگرام کو گندا کر دیا۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس پروگرام کو کفالت پروگرام کا رنگ دے دیا جبکہ اس کارڈ پر پی ٹی آئی کا جھنڈا بنا ہوا ہے۔ بظاہر اس پر قائداعظم کی تصویر ہے، دیکھنے پر خیال پی ٹی آئی کا خیال آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ بےنظیر نے خواتین کےلیے بہت کام کیا ہے جبکہ انکے نام پر بہت سارے ملکی اور غیر ملکی پروگرام چل رہے ہیں۔ انکی تصاویر غیر ملکی یونیورسٹیز میں لگی ہیں۔
پیپلزپارٹی رہنماء کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پی ٹی آئی نے چھوٹی سوچ ظاہر کی۔ ہر چیز میں کمی ہو رہی ہے لیکن ڈپٹی پرائم منسٹر کی فیکٹریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔