کراچی : گلشن اقبال الہ دین پارک کے قریب گاڑی میں دھماکا، 3 افراد زخمی
اسٹاف رپورٹ
کراچی : کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں الہ دین پارک کے سامنے پل پر گاڑی میں دھماکے سے 3 افراد زخمی ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا میگنٹ ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکا بارودی مواد کا تھا جو ڈرائیونگ سیٹ کے ساتھ نصب میگنٹ ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کا نشانہ بننے والی گاڑی عباس ٹاؤن کے رہائشی جاوید زیدی کی ہے جو ٹریول ایجنسی کا مالک ہے، گاڑی میں جاوید زیدی، ان کا بیٹا عدیل زیدی اور ڈرائیور حاکم سوار تھے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم زخمی ڈرائیور کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ سماء