گوہر رشید فلم’منی بیک گارنٹی‘ میں نواز سندھی بن گئے

فلم کی شوٹنگ مکمل ،رواں برس ریلیز کئے جانے کاامکان

کامیڈین فیصل قریشی کی تحریر اور ہدایت میں بننے والی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کی شوٹنگ مکمل ہوگئی، فلم کی ریلیز عید الفطر پر متوقع ہے۔

فلم میں اداکار فواد خان، کرکٹر وسیم اکرم، حنا دلپزیر، علی سفینہ، میکال ذوالفقار، گوہر رشید،  افضل خان(جان ریمبو)، شایان خان، مانی اور ماڈل کرن ملک سمیت دیگر شامل ہیں۔

فیصل قریشی فلم کی تحریر اور ہدایت کاری کے ساتھ  اس میں اداکاری کرتے بھی دکھائی دیں گے ۔ 

اداکار گوہر رشید نے سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلم میں نواز سندھی نامی شخص کا کردار ادا کررہا ہوں، یہ ایک مزاحیہ کردار ہوگا لیکن یہ کسی ذات اور جگہ کی نمائندگی نہیں کرے گا تاہم اس کردار کیلئے خاص حلیہ بنانا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ میں پہلی مرتبہ مزاحیہ کردار ادا کررہا ہوں تو مجھے کافی محنت کرنا پڑی اور اپنے آرام دہ ماحول سے باہر نکلنا پڑا۔

فلم کی کاسٹ میں شامل گوہر رشید نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ہدایتکار فیصل قریشی سمیت دیگر اداکار موجود ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ گانوں کے ساتھ پوری فلم کی شوٹنگ 40 دن کے اندر مکمل ہوئی، جس کا سہرا فلم کے رائٹر اور ہدایت کار فیصل قریشی اور ان کی ٹیم کے سر جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم کیلئے فیصل قریشی نے جس طرح سے حکمت عملی طے کی ایسی پلاننگ میں نے پاکستان میں کہیں نہیں دیکھی، وہ غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ہیں۔

گوہر رشید کا کہنا تھا کہ سیٹ کے اوپر کبھی کوئی آرٹسٹ فارغ نظر نہیں آیا ہم نے صرف کام پر فوکس کیا، اداکاروں نے بہت محنت سے کام اور کسی بھی چیز پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فلم میں 3 گانے ہیں، شوٹنگ کراچی، لاہور اور ہیوسٹن (امریکا) میں ہوئی۔

فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کو رواں برس عید الفطر کے موقع پر ریلیز کئے جانے کا امکان ہے۔

 

Gohar Rasheed

MONEY BACK GUARANTY

Tabool ads will show in this div