ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے 5اختتامی تُکے

ڈرامے کے 5 ممکنہ اختتام پڑھیں اور سردھنیں

مقبولیت کی حدوں کو چھونے والے ڈرامہ سیریل ‘‘میرے پاس تم ہو‘‘ کی آخری قسط ہفتہ 25 جنوری کو آن ائرہوگی۔ہر کوئی خیال کے گھوڑے دوڑانے میں مصروف ہے کہ انجام کیا ہوگا؟ کچھ کا ماننا ہے کہ مہوش کو اس کی بیوفائی کی سزا ملے گی تو بیشتر ہیپی اینڈنگ کے منتظر ہیں جو کہ ناممکن ہی سمجھیں۔

اس ڈرامے کے موضوع سے معاشرے کے مختلف طبقوں میں جس بحث کا آغاز ہوچکا ہے، اس کی گونج شاید بہت دنوں تک رہے گی۔ معاشرے کا ایک طبقہ اس ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمر کے عورت سے متعلق خیالات کی سخت مخالفت کرتے ہوئے ان سے نظریاتی اختلاف رکھتا ہے ،اسی وجہ سے انہیں بہت سے حلقوں سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے، گو کہ خلیل الرحمان قمر یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ عورت کو مرد سے بہترسمجھتے ہیں لیکن الفاظ کا چناؤ کہیں نہ کہیں ان کیلئے مشکل کھڑی کردیتا ہے۔

چونکہ خلیل الرحمان قمراس ڈرامے کو شروع سے لیکر آخر تک ذرا فلسفیانہ انداز میں لے کرچلے ہیں تو ہو ہی نہیں سکتا کہ اس کا اختتام عام سا ہو۔ ہم نے بھی ذرا سوچ بچار کر کے تجسس کا شکار ناظرین کیلئے اس ڈرامے کے 5 ممکنہ اختتام تحریر کیے۔ اگر تُکا لگ گیا تو کیا ہی کہنے۔

پہلا اختتام

دانش کو پسند کرنے والے ذرا دل تھام کر پڑھیں، آخر شرافت بھی کتنی اور کس حد تک دکھائی جائے؟ ہوسکتا ہے کہ مہوش کے بلاوے پر اپنے پرانے فلیٹ میں جانے والا دانش وہاں مہوش کی منتوں ترلوں سے تنگ آکر سوچے ’’نہ رہے گا بانس اور نہ بجے گی بانسری‘‘۔ اس کے بعد پہلی گولی مہوش کو مارے اور دوسری اپنی کنپٹی پر ۔ ( جو افراد ڈرامے میں 2 قتل ہونے کے منتظر ہیں، لیں ہو گئے 2 قتل )۔

دوسرااختتام

بقول مصنف ’’ محبت میں بیوفائی نہیں ہوتی اور جہاں بیوفائی ہو وہاں محبت نہیں ہوتی ‘‘ تو خیال کے گھوڑے دوڑانے کے بعد ایک اختام یہ سمجھ میں آتا ہے کہ بیوفائی کرنے پر شہوار کی پرانی حیثیت (معمولی ملازمت، لنچ بکس، آفس وین میں پک اینڈ ڈراپ ) بحال کرنے والی اہلیہ ماہم آخری حربے میں اسے گھر سے نکال باہر کرے گی جس پرشہوار میاں ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہوئے مہوش کو قتل کرنے پہنچ جائیں گے اور ایسا کر گزرنے کے بعد سوچیں گے یہ میں نے کیا کیا؟ اور پھر خود کو بھی اسی پستول سے اوپر پہنچا دیں گے۔ (یہ بھی 2 قتل ہوگئے)۔

تیسرااختتام

ڈرامے کا موضوع ہی محبت اور بیوفائی ہے تو پھر محبت تو قربانی مانگتی ہے، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ شہوارمہوش کو قتل کرے اور اسی وقت دانش وہاں پہنچ جائے۔ پہلے ممکنہ اقدام کی معافی مانگے اور پھرصدمے میں کھڑے شہوارکے پستول سے ہی اسے قتل کردے۔

چوتھا اختتام

چوتھا اور سب سے عام اختتام جو کہ سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہے، یہ ہوسکتا ہے کہ شہوارکو فلیٹ میں بلا کر مہوش اسے قتل کردے اور دانش یہ الزام اپنے سرلے کر گردن جھکائے جیل چلا جائے۔ رہ گیا رومی تو اس کیلئے ہانیہ ٹیچر ہیں نا۔

پانچواں اختتام

ایک امکان یہ بھی ہے کہ پچھتاوے کا شکار مہوش خود اپنی ہی جان لے لے اور رومی، ہانیہ ٹیچر ہنسی خوشی اور دانش میاں کچھ ملی جلی کیفیت کے ساتھ زندگی بسر کرنے لگیں۔

میرے پاس تم ہوکا آخری پرومو، وہ نہیں ہوگا جو نظرآیا

اس سے قبل سوشل میڈیا پر ڈرامے کی آخری قسط کا پرومو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ آخری قسط میں دانش کی موت دکھائی جائےگی۔سماء ڈیجیٹل کی جانب سے ہمایوں سعید سے پوچھا گیا تھا کہ کیا ڈرامے میں دانش کا قتل ہوجائے گا؟

ہمایوں کا کہنا تھا کہ پرومو بنایا ہی اس لیے جاتا ہے کہ ناظرین کو تجسس میں ڈالا جائے، اور ہم اس کوشش میں کامیاب رہے۔

ڈرامے میں دانش کے قتل سے متعلق سوال پر ہمایوں سعید نے انکشاف کیا تھا کہ ڈرامے کے 4 اختتام ہیں جن میں سے 2 فلمائے جا چکے ہیں جبکہ 2 کی شوٹنگ باقی ہے اور شائقین کا ردعمل دیکھتے ہوئے یہ 25 جنوری کو طے کیا جائے گا کہ کون سا اختتام دکھایا جائے ۔

ہمایوں سعید کی بات کو سنجیدہ مت لیجئے گا کیونکہ یقیناَ انہوں نے مذاق کیا تھا لیکن ہم نے ان کی اس بات پر 4 کے بجائے 5 ممکنہ اختتام آپ کیلئے بیان کردیے ہیں۔

MERAY PASS TUM HO

Tabool ads will show in this div