ڈرامہ’’میرے پاس تم ہو‘‘کی عائشہ نےخلیل الرحمان کی مخالفت کردی

خلیل الرحمان کاانٹرویو دیکھ کرخیالات جانے،رحمت اجمل

ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے لیکن اس ڈرامے کے موضوع سے معاشرے کے مختلف طبقوں میں جس بحث کا آغاز ہوچکا ہے، اس کی گونج شاید بہت دنوں تک رہے گی۔

معاشرے کا ایک طبقہ ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمان قمر کے عورت سے متعلق خیالات کی سخت مخالفت کرتے ہوئے ان سے نظریاتی اختلاف رکھتا ہے ،اسی وجہ سے انہیں بہت سے حلقوں سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے، گو کہ خلیل الرحمان قمر یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ عورت کو مرد سے بہترسمجھتے ہیں لیکن الفاظ کا چناؤ کہیں نہ کہیں ان کیلئے مشکل کھڑی کردیتا ہے۔

خلیل الرحمان قمرسے اختلاف رکھنے والوں میں نیااضافہ ان کے اپنے لکھے ڈرامے کے کردارکا ہے۔ ماڈلنگ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی رحمت اجمل نے انسٹا پوسٹ میں واضح کیا ہے کہ وہ ڈرامے کا حصہ ضرور ہیں لیکن خلیل الرحمان کے خیالات سے اتفاق نہیں کرتیں ، نہ ہی انہیں اس بات کا علم تھا کہ ڈرامہ اس رخ پربنایا گیا۔

رحمت نے انسٹا پوسٹ کے آغاز میں لکھا، میں یہ سمجھتی ہوں کہ بطورآرٹسٹ ہم جو مواد تیار کرتے ہیں یا پیغام آگے بھیجتے ہیں ، ہم پر اس کی ذمہ داری عائد ہوتی اور میں اس ذمہ داری کو بہت زیادہ سنجیدگی اور وقارکے ساتھ لیتی ہوں۔ گزشتہ چند ماہ سے نفرت انگیز، فکر کرنے والے اور کچھ الجھن بھرے پیغامات موصول ہو رہے ہیں جس پر انفرادی طور پر بات کروں گی لیکن ابھی ان تمام پیغامات کے حوالے سے اپنی رائے دینا چاہتی ہوں۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ میں خلیل الرحمن کے تصورات اور نظریات کی قطعی تائید نہیں کرتی۔ میں نے یہ پراجیکٹ (میرے پاس تم ہو) مکمل ہونے کے بعد ان کا انٹرویو دیکھا اور بہت سارے معاملات پر ان کے پریشان کن خیالات کے حوالے سے جانا۔

رحمت نے لکھا کہ مجھے کسی ایسی چیز کا حصہ بننے پرفخر نہیں جس میں اتنا سمجھوتہ اور پوری معلومات نہ ہوں، بہت سے دیگر افراد کی طرح مجھے بھی مکمل اسٹوری لائن یا خلیل الرحمان کے نظریے کا علم نہیں تھا جب ایک سال پہلے یہ پراجیکٹ شوٹ ہوا۔ اس ڈرامے میں میرا کردار محدود ہے، مجھ یہ دیکھنے کا موقع نہیں ملا کہ یہ ڈرامہ مکمل ہو کر کیسا ہوگا اور میرا خیال ہے یہاں مجھ سے غلطی ہوئی۔ یہ میرا پہلا ٹی وی پراجیکٹ تھا اور میں سیکھ رہی ہوں، میں نے کردار کے انتخاب میں زیادہ محتاط اور ہوشمند رہنا سیکھا ہے۔

اپنی پوسٹ کے اختتام پر رحمت اجمل نے تنقید کرنے والوں سے درخواست کریں کہ نئے اور جدوجہد کرنے والوں کیلئے تھوڑی وسعت رکھیں کیونکہ ہم ابھی سیکھنے کے عمل میں ہیں۔ ہم سخت محنت سے یہ کوشش بھی کر رہے ہیں کہ میرٹ پر اپنی پہچان بنائیں۔

ڈرامہ ’’میرے پاس تم ہو ‘‘ میں رحمت اجمل نے دانش کے دوست سلمان کی بیوی عائشہ کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ جوڑی مل کر اسٹاک ایسچینج میں کام کرتی ہے اور انہی کے ذریعے شیئرز خرید نے کے بعد ڈرامے میں دانش کی مالی حیثیت تبدیل ہوتے دکھائی گئی۔

KHALIL UR REHMAN QAMAR

MERAY PASS TUM HO

Tabool ads will show in this div