قومی ٹی20 ٹیم کےتربیتی کیمپ کاقذافی اسٹیڈیم میں آغاز

پاک بنگلہ دیش ٹی 20 سیریز کے لیے قومی ٹی 20 ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگیا ہے۔
جمعہ سے شروع ہونے والا کرکٹ کیمپ 22 جنوری تک جاری رہے گا۔ کیمپ کے دوران 18 ، 19 اور 21جنوری کو پریکٹس میچز کھیلے جائیں گے۔ سابق کپتان شعیب ملک اور حارث رؤف 2 روز کی تاخیر سے کیمپ جوائن کریں گے۔ شعیب ملک بنگلہ دیش پریمیر لیگ کے لئے بنگلہ دیش اور حارث رؤف بگ بیش لیگ کے لئے آسٹریلیا میں موجود ہیں۔
ٹی 20 اسکواڈ کی قیادت بابراعظم کريں گے۔ ٹیم میں احسان علی،عماد بٹ، حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے۔ عماد وسيم ،محمد رضوان ، شاداب خان ، شاہين شاہ آفريدی ٹيم ميں شامل ہیں۔ محمد حفيظ اور شعيب ملک کی ٹيم ميں واپسی ہوئی ہے۔ محمد حسنين، موسیٰ خان، محمد رضوان، عثمان قادر بھی ٹيم کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ پی سی بی کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے 10 انکلوژرز کے ٹکٹس 500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ 4 انکلوژرز کے ٹکٹس 1000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے ٹکٹس 2000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژرز کے ٹکٹس 4000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
سری لنکا کے خلاف سیریز کے مقابلے میں ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔