اگر مجھے جیل بھیجا گیا تو نواز شریف کی بھی باری آئے گی، یوسف رضا گیلانی
اسٹاف رپورٹ
ملتان : سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں چیئرمین نیب خود مطلوب ہیں، وہ این آئی سی ایل کیس میں انہیں کیسے طلب کرسکتے ہیں، لگتا ہے موجودہ حکومت کے پہلے سیاسی قیدی وہ ہی ہوں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سمن کا مقصد انہیں بلدیاتی انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش ہے اگر انہیں جیل بھیجا گیا تو وزیر اعظم نواز شریف کی باری بھی آئے گی۔
این آئی سی ایل کرپشن کیس میں نیب کا سمن ملا تو سابق وزیر اعظم بھڑک اٹھے، ملتان میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین نیب تو خود مطلوب ہیں وہ کیسے بلاسکتے ہیں، نوٹسز سے کبھی نہیں گھبراتے، دیکھتے ہیں کون گرفتار کرتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ لگتا ہے موجودہ حکومت کا پہلا سیاسی قیدی میں ہی ہوں گا، وہ ناکردہ گناہوں کی سزا کاٹ رہے ہیں، این آر او کا 4008 افراد نے فائدہ اٹھایا اور وہ آج آزاد گھوم رہے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا انہوں نے کبھی غیر آئینی کام نہیں کیا، اگر انہیں جیل بھیجا گیا تو میاں صاحب کی بھی باری آئے گی، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہہ دیں کہ سابق وزیر اعظم کو حاضری سے استثنٰیٰ نہیں تو وہ پیش ہوجائیں گے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ امید ہے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی سیاسی شخصیت نہیں بنیں گے۔ سما