انسٹاگرام کا نیا فیچرجلد آنے والا ہے

انسٹاویب پر ڈائریکٹ میسج
Jan 15, 2020

فیس بک کی ملکیت مقبول ترین سوشل ایپ انسٹاگرام کی جانب سے انسٹاویب پر ڈائریکٹ میسج (ڈی ایم) کا فیچر جلد متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس تبدیلی کے ذریعہ اب اس مقبول ترین فوٹو شیئرنگ کو استعمال کرنے والے صارفین میسجز کو صرف موبائل ایپ کے ذریعے نہیں بلکہ ڈیسک ٹاپ پر بھی انسٹا ویب پر موصول کر پائیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ کے مطابق انسٹا کی جانب سے گزشتہ روز اس فیچر کی آزمائش کیلئے چند صارفین کو انسٹا ویب پر پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے کے لیے ڈی ایم فیچر کی سہولت فراہم کی گئی تھی جس کے تحت انسٹا ویب پر ڈائریکٹ میسج کا فیچر ویسا ہی کام کرے گا جیسے ایپ پر کرتا ہے۔

ڈی ایم فیچر سے صارفین ویب پر بھی گروپ یا پھرعلیحدہ سے چیٹ کرسکیں گے۔ ڈی ایم فیچر انسٹا ویب پرصارف کے پروفائل پیج پر واضح ہونے کے علاوہ ڈیسک ٹاپ پر اس کا نوٹیفکیشن موصول ہو گا لیکن پہلے انسٹا صارفین کونوٹیفکیشن والا آپشن ویب براؤزر پر فعال کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ ڈیسک ٹاپ پر ڈی ایم فیچر کو متعارف کروانے کا کام تقریبا ایک سال سے جاری ہے تاہم اب امکان ہے کہ جلد اسے انسٹاگرام ویب پرجاری کردیا جائے گا۔

Tabool ads will show in this div