سیاسی انتقام سےکچھ حاصل نہیں ہوتا،رانا ثناءاللہ

سابق وزیر قانون پنجاب اور مسلم لیگی رہنماء رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، حکومتیں ایسے نہیں چلتیں، مسلم لیگ نون کے خلاف انتقامی کارروائیاں کافی عرصے سے جاری ہیں،ن لیگ پہلی بار مکمل طور پر متحد ہے اور کارکنان ساتھ کھڑے ہیں۔
ای سی ایل میں نام شامل ہونے کے بعد رانا ثناء اللہ نے سماء کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ای سی ایل میں نام شامل ہونے سے کوئی پَر نہیں کٹے، ایسا کرنے کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی، ملک میں ہی ہوں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ باہر جانے کا پروگرام نہیں ،یہ سب حکومتی پریشر ٹیکٹس ہیں، میں پیچھے ہٹنے والا نہیں، اپنے مؤقف پر قائم ہوں،ایسے ہتھکنڈے گھٹیا پن کے سوا کچھ نہیں۔
پی ٹی آئی رہنماء فیصل واؤڈا کی جانب سے منگل کی رات ٹاک شو میں جوتا دِکھانے کو انھوں نے گھٹیا روایت قائم قرار دیا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف سے متعلق رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جو نواز شریف کو بیمار نہیں سمجھتے وہ گھٹیا سوچ رکھتے ہیں، میاں صاحب بیمار ہیں ، خدانخواستہ معذور تو نہیں،علاج کیلئے اسپتال آتے جاتے ہیں ، ریسٹورنٹ کیوں نہیں جا سکتے۔
رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ میاں نوازشریف اور شہباز شریف ضرور واپس آئیں گے، آصف زرداری کے بھی صحت کے مسائل ہیں اور وہ بھی علاج پر توجہ دے رہے ہیں۔
پیپلزپارٹی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سیاست میں سرگرم ہیں اور اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔