خلیل الرحمان نےسینیئراداکاروں سےمعافی مانگ لی
ڈرامہ سیریل ’’ میرے پاس تم ہو ‘‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمر کو ان کے بے لاگ تبصروں کی بدولت اکثر تنقید کا سامنا رہتا ہے۔
مردوں کی برابری کرنے والی عورتوں کیلئے گینگ ریپ والی بات اور سینیئر اداکاروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنانے پر ان کی ذات کو کافی بُرا بھلا کہا گیا۔ حال ہی میں انٹرٹینمنٹ پی کے کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں خلیل الرحمان قمر نے ینگ ریپ والی بات کی وضاحت کرنے کے ساتھ صبا حمید، محمود اسلم اور عروہ حسین سے معافی مانگ لی۔
اپنی فلم ’’کاف کنگنا ‘‘ کو تنقید کا نشانہ بنانے والی عفت عمر کیلئے بھی مصنف نے ایک پیغام دیا۔
انٹرویو کے آغاز میں خلیل الرحمان قمر نے اپنی شخصیت کو متنازع بنانے پرحیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت تعاون کرنے والا انسان ہوں۔ مجھ پر تکبرکا الزام درست نہیں ہے، کچھ بھی ہوسکتا ہوں لیکن متکبر نہیں ہوسکتا۔ مجھے بددیانت لوگوں پر غصہ آتا ہے اور میں ان کےساتھ کام نہیں کرسکتا۔
ایک انٹرویو کے دوران خلیل الرحمان قمر نے صبا حمید اور محمود اسلم کو بےایمان کہتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ مجھے ان کے ساتھ کام کرنے سے بچائے۔ عروہ حسین کو بھی انہوں نے غیرذمہ دارانہ رویے پرسخت سست سنائی تھیں۔
حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صبا میری بہن، بہت اچھی دوست اور بھابھی ہے، اگر اس کا دل دکھا ہے تو میں اس سے معافی مانگتا ہوں۔ صبا میرا قطعی دل نہیں چاہتا تھا کہ تمہارا دل دکھ جائےلیکن میرا اپنا دل بہت دکھا ہوا تھا۔ تمہیں چھوڑ دینا اور تمہارے بغیر کام کرنا بھی ایک تکلیف دہ عمل تھا۔ اسی طرح محمود اسلم سے بھی کہوں گا کہ چل یار اتنی میری برداشت کرتے ہو، یہ بھی برداشت کرلو۔میں جب سے شوبز میں آیا مُودی (محمود اسلم ) اور صبا کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔ نہ میں ان کے بغیر رہ سکتا ہوں اور نہ وہ میرے بغیر رہ سکتے ہیں۔
خلیل الرحمان نے عروہ حسین کیلئے کہا کہ وہ میری چھوٹی بہن اور بڑے عزیز دوست کی بیوی ہے۔ اسکی شادی پر تو میں ناچا بھی تھا۔ تو غصہ میں کرلیتا ہوں۔ چلیے بھیا معاف کردیجئے مجھے ،غصے میں بول گیا۔
آئی ایس پی آرخلیل الرحمان پرپابندی عائد کرے، عفت عمر
ایک انٹرویو میں اداکارہ عفت عمر نے خلیل الرحمان پر تنقید کی تھی،جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں عفت عمرکو بہن مانتاہوں، وہ بیہودہ باتیں کرگئیں، اللہ انہیں معاف کرے، میں نے تمہیں معاف کیا عفت لیکن بیٹا اتنی گندی باتیں نہیں کرتے، فلم آپ نے دیکھی نہیں اور جو تبصرہ آپ کر رہی تھیں مجھے اچھا نہیں لگا، آپ کا کیلیبر اجازت نہیں دیتا اس طرح کی باتیں کرنے کا۔
انٹرٹینمنٹ پی کے کو دیے جانے والے سابقہ انٹرویو میں خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ کیا عورتوں کی برابری کی بات کرنے والوں نے کبھی پانچ عورتوں کی جانب سے کسی شخص کو اغوا کرنے کی خبر سنی ہے؟ نہیں سنی تو جن عورتوں کو برابری چاہیے ، وہ بھی وہی کام کریں جومرد کر رہے ہیں۔ بس لوٹیں، مرد کو اٹھا کر لے جائیں اور اس کا گینگ ریپ کریں ، پتہ تو چلے کہ برابری ہوتی کیا ہے۔ میں تواس بات سے پریشان ہوگیا ہوں۔
برابری کرنی ہے تو مردوں کا گینگ ریپ کریں
اس انٹرویو پر مختلف پلیٹ فارمز پرخلیل الرحمان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا انٹرویو ہر بری عورت کو برا لگے گا، اچھی عورت کے قدموں کو تو نظر سجدہ کرتی ہے۔ میں مرد کو مرتبے میں عورت کے برابر مانتا ہی نہیں، میں تو کہتا ہوں کہ اچھا مرد بھی اچھی عورت سے اچھا نہیں ہوتا۔ کیا عورت کو مرد کی برابری کر کے گِرنا ہے؟پانچ بندے مل کر ایک عورت کواغواء کرلیں تو یہ گھٹیا کام مرد کرتے ہیں، خواتین نہیں کرپائیں گی۔۔ میرا مطلب یہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ افسوس یہ ہے کوئی دلیل سے بات کرتا تو جواب دیتا۔ یہ قلق رہے گا بھلے سے سب مان جائیں کہ ان سے غلطی ہوئی۔ کڑھتا ہوں کہ میں ایسے لوگوں کے درمیان رہتا ہوں جو بات کو نہیں سمجھتے۔ کیا سب میرا لکھا بھول گئے کہ میں نے من جلی، انوکھی اور میں مر گئی شوکت علی لکھا تھا؟ گھٹیا الزامات لگنے پر تکلیف ہوئی لیکن خدا آپ کو معاف کرے۔
کاف کنگنا کی ناکامی سے متعلق سوال پرانہوں نے کہا کہ فلم کا بیڑہ غرق کرنے والے تمام افراد کوجانتا ہوں،زندہ رہا تو 2020 میں تفصیلی انٹرویو دوں گا اور نام لیکر بتاؤں گا کہ کن کن افراد نے کیا کیا۔ فلم کو باقاعدہ فلاپ کرایا گیا۔ مجھے شکست فاش دینے کیلئے بڑی کوشش چاہیے تھی جو پوری طرح کی گئی۔ میں نے ڈرامہ ’’ میرے پاس تم ہو‘‘ کی کامیابی کو بالکل انجوائے نہیں کیا، میں کاف کنگنا کے دکھ میں ہوں، اسے فلاپ کرانا فلم انڈسٹری کو 20 سال پیچھے لے گیا ہے، بغیر دیکھے سوشل میڈیا پرفلم کا بیڑہ غرق کردیا گیا۔ اس کام میں بہت سارے بلاگرز بھی شامل تھے۔ یہ وہ زخم ہے جو میرے اندر بڑی دیر تک ہرا رہے گا۔
کاف کنگنا ریلیز سے قبل سوشل میڈیا پرمذاق کانشانہ بن گئی
خلیل الرحمان نے آنے والی فلم کے حوالے سے بتایا کہ ’’ لندن نہیں جاؤں گا ‘‘ کا اسکرپٹ مکمل تھا لیکن کچھ تبدیلیاں کررہا ہوں۔ کاسٹ فائنل ہوچکی ہےجس میں مہوش حیات ، کبریٰ خان، ہمایوں سعید، سہیل احمد اور صبا حمید شامل ہیں۔