پاکستان اسٹاک ایکسچینج ڈیڑھ سال کی بلند ترین سطح پر
پاکستان اسٹاک مارکیٹ ڈیڑھ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، ہفتے کے آخری دن پی ایس ایکس 100 انڈیکس 683 پوائنٹس اضافے سے 43207 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج (جمعہ کو) کاروبار میں تیزی کا رجحان رہا، ایک موقع پر 100 انڈیکس ایک ہزار پوائنٹس اضافے سے 43523 پوائنٹس پر دیکھا گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر انڈیکس مجموعی طور پر 683 پوائنٹس اضافے سے 43207 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پی ایس ایکس 100 انڈیکس ایک دن میں 1.61 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ رواں سال انڈیکس میں 6 فیصد سے زائد اور گزشتہ سال 11 فیصد ریکوری ہوئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے 19 ماہ بعد 43 ہزار کی سطح عبور کی، آج پی ایس ایکس میں 30 کروڑ 35 لاکھ سے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا، جس کی مجموعی مالیت 13 ارب 78 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد تھی۔
پی ایس ایکس 100 انڈیکس اس سے قبل اپریل 2017ء میں 49 ہزار 708 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا جبکہ جون 2018ء میں 43 ہزار پوائنٹس کی سطح پر تھا۔