فوادچوہدری نے مبشرلقمان کو بھی تھپڑ ماردیا

واقعہ شادی کی تقریب میں پیش آیا

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے لاہور میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ٹی وی اینکر مبشر لقمان کو تھپڑ رسید کر دیا۔

شادی کی تقریب میں موجود ذرائع کے مطابق پنجاب کے وزیر آب پاشی  محسن لغاری کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں حکمران جماعت کے رہنماؤں سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران جہانگیر ترین، اسحاق خاکوانی اور فواد چوہدری آپس میں بات چیت کر رہے تھے۔ اس دوران مبشر لقمان نمودار ہوگئے اور دونوں کے مابین تلخ کلامی شروع ہوگئی اور معاملہ اس قدر بڑھا کہ فواد چوہدری نے مبشر لقمان کو تھپڑ رسید کردیا جس پر دونوں گتھم گتھا ہوگئے۔ موقع پر موجود تحریک انصاف کے رہنماؤں نے دونوں میں بیچ بچاو کرایا۔

یہ بھی پڑھیں: سمیع ابراہیم کے سنگین الزامات پر فواد چوہدری طیش میں آگئے

دوسری جانب فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مبشر لقمان جیسے لوگوں کا صحافت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ صحافت میں گھسے ایسے لوگوں کو  بےنقاب کرنا سب کا فرض ہے۔

یاد رہے کہ مبشر لقمان نے گزشتہ دنوں ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ سے متعلق ایک طویل ویڈیو جاری کرتے ہوئے فواد چوہدری اور فیاض الحسن چوہان پر الزامات عائد کیے تھے۔

گزشتہ رات کو ٹوئٹ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ 'بعض دو ٹکے کے صحافی نے اپنا یو ٹیوب چینل مشہور کرانے کا طریقہ یہ اختیار کیا ہے کہ وزراء اور باعزت لوگوں پر الزامات لگائیں۔ ایسے لوگوں کی نہ اپنی کوئی عزت ہے نہ وہ دوسرے کی سمجھتے ہیں۔'

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو فعال کیا گیا ہے۔ انشااللہ جلد ایک بڑا بلیک میلر گروپ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہو گا۔ ان کے پیچھے کون لوگ ہیں پہچانے جا چکے ہیں ، انتظار کیجئے مکمل کہانی سامنے آئے گی۔

فواد چوہدری نے اس سے قبل شادی کی ایک اور تقریب میں بول نیوز کے اینکر پرسن سمیع ابراہیم کو بھی تھپڑ مارا تھا۔

MUBASHIR LUQMAN

Fawad Chodhary

Tabool ads will show in this div