پنجاب کے مختلف شہردھند کی لپیٹ میں،ٹریفک کی روانی متاثر
اسٹاف رپورٹ
مظفرگڑھ/ملتان/لاہور: مظفر گڑھ، ملتان اور گردونواح میں دوسرے روز بھی شدید دھند پڑ رہی ہے جس کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔
شہر اور گردونواح کی شاہراہوں پر صبح سویرے پڑنے والی شدید دھند کے باعث بھی حد نظر انتہائی کم ہو چکی ہے، جس کے باعث ملتان روڈ، ڈیر ہ غازی خاں روڈ ،کوٹ ادو روڈ اور علی پور روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
دوسری جانب ملتان اور مضافاتی علاقوں کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حد نگاہ سو میٹر تک محدود ہونے سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کی شدت میں صبح تین بجے اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے درجہ حرارت دس ڈگری سینیٹی گریڈ تک گرگیا ہے، جبکہ شدید دھند کے باعث حد نگاہ سو میٹر تک محدود ہوکررہ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دس بجے کے بعد دھند کم ہونے کا سلسلہ شروع ہوگا۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس اور موٹروے پولیس نے دھند کے باعث ڈرائیوروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ فوگ لائٹس آن رکھیں تاکہ کسی قسم کے حادثہ سے بچا جاسکے۔ لاہور، خانیوال روڈ، وہاڑی روڈ اور مظفرگڑھ روڈ پر دھند کے باعث ٹریفک روانی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ سماء