بلدیاتی انتخابات ؛ سندھ و پنجاب انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے پر متفق

ECP اسلام آباد : پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن میں اہم بیٹھک لگی، صوبائی انتظامیہ نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کی حامی بھرلی، پولیس حکام نے خلاف ورزی کرنے والے افسران کیخلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کروا دی۔ چیف الیکشن کمشنر کہتے ہیں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں سندھ اور پنجاب کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز پولیس اور چیئرمین ایف بی آر شریک ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو مشکل ٹاسک قرار دیا اور کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومتوں، انتظامیہ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، صوبائی حکومتوں کے تعاون سے بلدیاتی انتخابات کرانے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں، اُمید ہے پنجاب اور سندھ حکومت تمام ضروری اقدامات کریں گی۔ سندھ اور پنجاب کے چیف سیکریٹریز نے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرانے کی حامی بھرلی، آئی جیز پولیس نے یقین دہانی کروائی کہ خلاف ورزی کرنیوالے افسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، انتظامیہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ سماء
Tabool ads will show in this div