حسن اسکوائر پر بسیں لوٹنے والا ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار ہونے میں کامیاب
اسٹاف رپورٹ
کراچی : حسن اسکوائر کے قریب منی بس لوٹنے والے ڈاکو کو پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا۔ لٹیرے کے دو ساتھی بھاگ نکلے لیکن ایک کو دھرلیا گیا۔
سہمے سہمے بس میں سوار معصوم بچے بے بسی کی تصویر بنے تھے، جب ڈاکو بس لوٹنے قریب آئے۔ کراچی میں روٹ نمبر ایف گیارہ پرانی سبزی منڈی پہنچی تو چار ڈاکو بس میں چڑھ گئے۔ ایک کے ہاتھ میں پستول تو تین نے خنجر نکال لیے۔ مسافروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور پھر موبائل فون اور نقدی چھیننے میں مصروف ہوگئے۔ بس جونہی حسن اسکوائر پہنچی۔ ڈرائیور نے وہاں پولیس کو دیکھ کر کمال ہوشیاری کا مظاہرہ کیا۔
پولیس اہل کاروں کی فائرنگ کے بعد دو ڈاکو تو بھاگ نکلے لیکن زخمی ساتھی سمیت دو لٹیرے ہتھے چڑھ گئے، مسافروں نے جان بچ جانے پر رب کا شکر ادا کیا ہے۔ پولیس کارروائی کی اطلاع ملی تو کراچی پولیس چیف عزیز بھٹی تھانے پہنچ گئے۔ جوانوں کی تعریف کی اور انعامات سے بھی نوازا۔
مقابلے کے بعد موبائل فون، نقدی اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ پولیس حکام کہتے ہیں ڈاکوؤں کے فرار ساتھیوں کو بھی جلد پکڑلیں گے۔ سماء