ايم کيوايم کا سندھ کيلئے جامع پيکج متعارف کرانےکا مطالبہ

گورنرسندھ سے ايم کيوايم وفدکی گورنرہاؤس ميں ملاقات
Dec 27, 2019

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی گورنر ہاﺅس میں ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب، اور جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، فیصل سبزواری، میئر کراچی وسیم اختر، ڈپٹی کنوینر کنور نوید اور رکن قومی اسمبلی امین الحق بھی موجود تھے۔

وفد نے صوبہ بالخصوص کراچی میں عوام کو درپیش مسائل اور شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پرتفصیلی گفتگو کی جبکہ ایم کیو ایم وفد نے کراچی سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے پائی جانے والی تشویش سے بھی گورنر سندھ کو آگاہی فراہم کی ۔

ملاقات میں حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام کے عمل کو تیز کرنے کے اقدامات پر بھی زور دیا گیا ساتھ ہی ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کے لئے ایک جامع پیکیج متعارف کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کے فور منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات شروع کردئے گئے ہیں تاہم وفاق کی جانب سے کراچی کے لئے ترقیاتی پیکیج سے عوام کو سہولیات حاصل ہوں گی۔

گورنر سندھ نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان سے مسلسل رابطہ میں ہوں جبکہ شہر کے اسٹیک ہولڈرز سے کی جانے والی مشاورت سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا جارہا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ بالخصوص شہر کے وسیع تر مفاد کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

Tabool ads will show in this div