حکومت نے پچھلے ادوارکے قرضے بھی واپس کئے، حفیظ شیخ
ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ 10 ارب ڈالر کے قرضے واپس کرچکے ہیں، وہ قرضے بھی واپس کئے جو اس حکومت نے نہیں لئے، اداروں کو اپنے فیصلوں میں بااختیار بنانا چاہتے ہیں، پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے نوکریوں کے زیادہ مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ اب تک حکومت 10 ارب ڈالر کے قرضے واپس کرچکی ہے، وہ قرضے بھی واپس کئے جو موجودہ حکومت نے نہیں لیے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے گئے، معاشی اصلاحات کے دوران مشکلات پیش آئیں تاہم مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔
حفیظ شیخ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار اسٹیٹ بینک کو بااختیار بنایا اور مانیٹری پالیسی بنانے سمیت دیگر فیصلوں کی اجازت دی، ہماری خواہش ہے کہ ادارے اپنا اپنا کردار ادا کریں، تمام اداروں کو فیصلے کرنے میں بااختیار کرنا چاہتے ہیں۔
مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہورہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز کو مہنگی سرکاری نوکریاں دی جائیں، ہمارا مقصد ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو سہولیات دیکر نوکریوں کے مواقع پیدا کئے جائیں، جو بہتر کوالٹی جابز ہوں، تاکہ آپ قابلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر لوگوں کو نوکریاں دیں۔