امجد اسلام امجد کیلئے ترکی کا اعلیٰ ایوارڈ

پاکستان کے معروف شاعر اور ادیب امجد اسلام امجد کو ترکی کے اعلیٰ ثقافتی اعزاز"نجیب فاضل" سے نوازا گیا ہے۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امجد اسلام امجد کو ترکی میں منعقدہ ایک تقریب میں نجیب فاضل انٹرنیشنل کلچرل اور آرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب میں ترک صدر رجب طیب ایردوان نے بھی شرکت کی اور اس موقع پر امجد اسلام امجد کی شاعری بھی سنی گئی۔
ترک صدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امجداسلام امجد جدید اردو لٹریچر کے اہم شعرا میں سے ایک اور پاکستان کے معروف شاعر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین بھائی چارے کا تعلق ہے اور دونوں کے مفادات بھی یکساں ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، یکجہتی اور خلوص پر مبنی ہیں۔
امجد اسلام امجد نے ایوارڈ حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی ہر پاکستانی کے دل کے قریب تر ہے اور اس ایوارڈ پر ترک بھائیوں کے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ ترک وزارت اطلاعات و ثقافت کی جانب سے ترکی کے علاوہ پوری دنیا سے کسی ایک ادیب کو ’نجیب فاضل‘ ایوارڈ دیا جاتا ہے۔
رواں سال ترکی کی نے چھٹے ایوارڈ کیلئے امجد اسلام امجد کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امجد اسلام امجد پاکستان کے نامور ادیب، شاعر، ڈرامہ نگار اور کالم نگار ہیں۔ ان کو یہ ایوارڈ ان کی ادبی خدمات کے پیش نظر دیاگیا ہے۔