بھارت 'فالس فلیگ آپریشن' کرسکتا ہے، شاہ محمود

بھرپور جواب دیں گے
Dec 22, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی حرکت کی توبھرپور جواب دیا جائے گا۔ گزشتہ روز بھارت نے اشتعال انگیزی کی جس کا ہماری فورسز نے بھرپور جواب دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی حکومت خطرناک کھیل، کھیل رہی ہے جس سے پورے خطے کا امن متاثر ہورہا ہے۔ دنیا کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی حرکت کی توبھرپور جواب ملے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کو آج 139 دن ہو چکے ہیں۔ صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ہندوستان کوئی فالس فلیگ آپریشن بھی کر سکتا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امتیازی شہریت ایکٹ کے خلاف 10 سے زیادہ بھارتی ریاستوں میں شدید احتجاج ہو رہے ہیں۔ ہندوستان کی پوری اپوزیشن، تمام اقلیتیں، بالخصوص مسلمان بل کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔