سندھ بلدیاتی آرڈیننس کیخلاف ایم کیو ایم کا احتجاج، اپوزیشن جماعتیں متحد ہوگئیں
کراچی : ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں احتجاج ریکارڈ کرایا، سندھ اسمبلی میں بھی اپوزیشن جماعتیں بلدیاتی آرڈیننس کے خلاف متحد ہوگئی ہیں، ایم کیو ایم، فنکشنل لیگ اور مسلم لیگ ن نے بحث کیلئے ریکوزیشن جمع کرادی ہے۔
سندھ حکومت کے جاری بلدیاتی آرڈیننس کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے ایکا کرلیا ہے، آرڈیننس کو زیر بحث لانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرادی گئی ہے۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ، مسلم لیگ فنکشنل اور مسلم لیگ ن کے رہنما پی پی سے سخت نالاں نظر آئے۔
فنکشنل لیگ کے جام مدد علی نے بلدیاتی آرڈیننس کو غیر جمہوری قرار دے دیا۔
مسلم لیگ ن کے عرفان اللہ مروت کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکیوں میں قوانین تبدیل کئے جارہے ہیں۔
اپوزیشن جماعتیں کہتی ہیں بلدیاتی آرڈیننس اسمبلی میں زیر بحث لایا جائے، دوسری صورت میں تمام جماعتیں سڑکوں پر بھی آسکتی ہیں۔ سماء