اکرم درانی کانام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی سفارش

قومی احتساب بیورو نے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا

آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کيلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔

نيب راولپنڈی کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط ميں مؤقف اختیار کیا گيا ہے کہ اکرم درانی کیخلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں، خدشہ ہے کہ سابق وفاقی وزير ملک سے باہر جاسکتے ہیں، لہٰذا ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرکے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی جائے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماء اکرم خان درانی آمدن سے زائد اثاثوں کے کيس ميں اسلام آباد ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت کروا چکے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے گزشتہ ماہ حکومت کیخلاف آزادی مارچ کا انعقاد کیا تھا جو تقریباً 17 دن تک جاری رہا، اپنے احتجاج کے پلان بی کے طور ر جے یو آئی نے ملک بھر میں اہم شاہراہیں بند کی جبکہ اب پلان سی کے تحت مختلف اضلاع میں جلسوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

جے یو آئی ف کے احتجاج کو مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلزپارٹی، اے این پی، پختونخوا میپ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی بھی حمایت حاصل تھی۔

اکرم خان درانی کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے حکومت سے کئی بار مذاکرات بھی کئے تاہم تمام ملاقاتیں بے نتیجہ رہیں۔

ECL

Akram Durrani

Tabool ads will show in this div