لاہور میں پھر اسموگ، جمعہ کو اسکول بند رہیں گے

فیصل آباد اور گوجرانوالہ بھی شامل

چند دن کے وقفے کے بعد اسموگ نے لاہور کو پھر لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث ہنگامی بنیادوں پر تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا اور جمعہ کو بھی اسکول بند رہیں گے۔

لاہور اور گردونواح میں جمعرات کی صبح سویرے اسموگ اور گہری دھند چھاگئی اور آلودگی کی شرح میں اضافے نے فضا کو مزید زہریلا کر دیا جبکہ ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

ماحولیات کی معروف ویب سائٹ کے مطابق اسموگ میں اضافہ مشرقی ہواؤں کی وجہ سے ہوا۔ صبح چھے بجے مال روڈ پر ایئرکوالٹی انڈیکس 900 جبکہ گلبرگ میں ساڑھے آٹھ سو سے بھی زیادہ تھا۔

فضا میں زہریلی کثافتوں کی موجودگی کی وجہ سے شہریوں کے لیے سانس لینا بھی محال ہو گیا ہے۔ ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ فضا میں آلودگی میں کمی کے لیے آبادی میں اضافے کو بھی کنٹرول کرنا ہوگا۔

دھند کی وجہ سے حد نگاہ بھی کم ہو گئی جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ لاہور آنے والی دو پروازیں منسوخ جبکہ گیارہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے ہنگامی طور پر تین اضلاع میں اسکولوں کی چھٹی کا اعلان کردیا۔ پنجاب حکومت نے 3 اضلاع کے اسکولوں میں چھٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے جن میں لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔

Lahore smog

Tabool ads will show in this div