بلوکے بعد کوک اسٹوڈیو نے"حیراں ہوا"بھی یوٹیوب سےہٹادیا
کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کے گانے " حیراں ہوا "کو معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کی جانب سے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کے دعوے پر یوٹیوب سے ہٹادیا گیا ہے۔
پرانے اور سدا بہار گانوں کو ری میک کر کے نئے انداز سے پیش کرنے والے "کوک اسٹوڈیو" کے سیزن 12 کا بہت اچھا آغازعاطف اسلم کی آواز میں نصرت فتح علی خان کی شہرہ آفاق نظم ""وہی خدا ہے " سے ہوا تھا لیکن اب 3 گانوں پر کاپی رائٹ دعوے کے بعد 2 گانوں کو یوٹیوب سے ہٹایا جاچکا ہے۔
گلوکارہ صنم ماروی نے سیزن 12 کیلئے "حیران ہوا" گایا تھا جسے عابدہ پروین کی جانب سے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کےدعوے کے بعد یوٹیوب سے ہٹادیا گیا ۔
کوک اسٹوڈیو کی جانب سے اس گانے کو سننے کیلئے دیے گئے ویڈیو لنک پر کلک کیا جائے تو پیغام ملتا ہے کہ "یہ لِنک اب دستیاب نہیں ہے"۔
سیزن 12 میں ہی ابرار الحق کا گانا "بلو " نئے انداز سے پیش کیا گیا تھا جسے گایا تو خود ابرار نے لیکن کرمان انٹرٹینمنٹ لیمٹڈ کی جانب سے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کے دعوے پرکوک اسٹوڈیو نے اس گانے کی ویڈیو بھی یو ٹیوب سے ہٹا دی تھی۔
بلو کے نئے اندازکو شائقین موسیقی میں خوب پزیرائی حاصل ہوئی تھی لیکن اسے ہٹائے جانے کے بعد مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے متعدد ٹویٹس کی گئیں جن میں کہا گیا کہ روحیل حیات کو اس حوالے سے کام کرنا چاہیے تھا یا پرانے گانوں کے بجائے نئے گانے سامنے لے کرآئیں۔
Fed up of these copyright claims on coke studio 12 songs Highly unprofessional behaviour by rohail hyatt and his team#cokestudio12
— Husnain mansha (@husnain_mansha) November 19, 2019
"Hairaan Hua" song by Sanam Marvi has been removed by coke studio because of copyright issues claim by Abida Perveen. Why didn't they realize it earlier while composing the song?#AbidaParveen#cokestudio#cokestudio12
— Muhammad Farooq (@mfarooq_uet) November 19, 2019
اس سے قبل گلوکار شجاع حیدر اورریچل ویکاجی کی آوازمیں سیزن 12 ہی کے گانے ’’سائیاں‘‘ پر بھی معروف گراموفون کمپنی ای ایم آئی پاکستان نے کاپی رائٹ ایکٹ کا دعویٰ کیا تھا جس کے اس ویڈیو کو بھی یو ٹیوب سے ہٹایا گیا۔
بعد ازاں کوک اسٹوڈیو انتظامیہ اور روحیل حیات نے کمپنی سے سے باقاعدہ لائسنس حاصل کیا اورگانے کو دوبارہ سے یوٹیوب پراپ لوڈ کیا گیا۔