جھنگ میں مدرسے سے واپسی پر 10 سالہ بچی قتل
جھنگ میں مدرسے جانیوالی 10 سالہ بچی کو قتل کردیا گیا، نامعلوم ملزمان لاش بوری میں بند کرکے سڑک پر پھینک فرار ہوگئے۔
جھنگ کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں صوفی موڑ کی رہائشی 10 سالہ بچی صبح سویرے گھر سے پڑھنے کیلئے مدرسہ گئی مگر واپس نہ لوٹی، گھر والوں کو اطلاع ملی کہ سڑک کے کنارے بوری سے ایک بچی کی لاش ملی ہے۔
لواحقین نے بتایا کہ بچی قرآن پاک پڑھنے کیلئے مسجد گئی، وہاں سے واپس نکلی مگر گھر نہیں پہنچی، کافی تلاش کرنے پر بھی اس کا کچھ پتہ نہیں چلا، بعد میں اس کی لاش بند کے قریب روڈ پر بوری سے ملی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دی۔ ڈی پی او حافظ عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ دس سے بارہ سال کی بچی کو گلا دبا کر قتل کیا گیا، نامعلوم ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے ہر پہلو سے تفتیش کررہے ہیں۔
بچی کی ہلاکت پر اہل علاقہ نے جھنگ چنیوٹ روڈ بلاک کردیا اور احتجاج کیا۔ لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مطالبہ کیا ہے کہ کمسن بچی کے قاتل کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جھنگ میں کمسن بچی کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔