موبائل فون ڈیٹا محفوظ بنانے کیلئے حکومت کا اہم اقدام
شہريوں کا ڈیٹا محفوظ بنانے کےلیے حکومت نے موبائل فونز سمز، اسمارٹ کارڈز اور اے ٹی ایم کی چپس درآمد نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تینوں چیزیں مقامی سطح پر تیاری کی جائيں گی۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزارت آئی ٹی نے معاملے پر تمام شراکت داروں سے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی۔ اس اقدام کا مقصد پاکستانیوں کا ڈیٹا محفوظ بنانا ہے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے بھی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے ڈیزائنگ پر ابتدائی کام ہوچکا ہے۔ چین سے بھی ہماری بات ہورہی ہے اور مینو فکچرنگ سے پہلے ڈیزائنگ کی ٹیکنالوجی ہمارے پاس آرہی ہے۔
وزارت انفارميشن ٹيکنالوجی نے شراکت داروں کو لوکل سمز کی قیمت اور معیار کو عالمی معیار کے مطابق رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ پاکستان سب سے زیادہ موبائل فون کی سمز اور چپس دوست ملک چین سے درآمد کرتا ہے۔