جے یو آئی کی کال پر اہم شاہراہیں بند

جے یو آئی ملک کے مختلف علاقوں میں آج دھرنے کا پلان جاری کردیا ہے۔
صوبائی امیر جے یو آئی مولانا عطاالرحمان نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ابتدائی طور پر 4 شاہراہیں بند کی گئی ہیں۔ شاہراہ قراقرم کو چھتر پلین کے مقام پر،سوات میں چکدرہ،جی ٹی روڈ اور بنوں میں انڈس ہائی وے کو بند کیا گیا ہے۔
صوبائی امیر نے بتایا کہ روڈ بلاک پلان بی کا حصہ اور اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ فیصلے سے کیا جارہا ہے،عوام کو بڑی مصیبت سے چھٹکارا دلانے آئے ہیں، ہمارا دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا میں لوئر دیر میں جے یوآئی ف آج پل چوکی چکدرہ میں دھرنا دینے کا فیصلہ کیا تھا۔یہ فیصلہ رات کو چکدرہ میں صوبائی نائب امیر مفتی فضل غفور کے زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا تھا جس میں سوات، لوئردیر، اپردیر، ملاکنڈ، اپر چترال اور لوئر چترال کے ضلعی امراء اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔اجلاس چکدرہ لوئر دیر میں ضلعی جنرل سیکرٹری جاوید اقبال کی رہائش گاہ پر منعقد ہواتھا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق سوات، باجوڑ، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، لوئردیر، اپردیر، لوئر چترال اور اپر چترال کے جے یو آئی کارکن دھرنے میں شریک ہوں گے۔ اس کےعلاوہ پورے ملاکنڈ ڈویژن کو جانے والا راستہ بھی بند کردیا جائے گا۔
راول پنڈی میں جے یو آئی کے کارکنان نے26 نمبر چونگی پر دھرنا دے دیا ہے اور راولپنڈی کا پشاور سے جی ٹی روڈ سے راستہ بند کردیا گیا ہے۔ پشاور روڈ پر بھی کارکنان نے دھرنا دیا ہوا ہے۔
ادھر بلوچستان میں 4 مقامات پر شاہراوں کو بند کیا جائے گا۔ جے یو آئی کے مطابق بلوچستان میں 2بین الاقوامی اور 2بین الصوبائی قومی شاہراؤں کے بند کیا جائے گا۔ چمن کوئٹہ بین الاقوامی شاہراہ کو چمن میں سید حمید کراس کے مقام پر بند کیا جائیگا۔ کراچی کو کوئٹہ سے ملانے والی قومی شاہراہ کو خضدار کے مقام پر بند کیا جائیگا۔
دھرنے کے باعث ممکنہ طور پر بند ہونے والی شاہراہیں
اس کے علاوہ بلوچستان کو پنجاب سے ملانے والی شاہراہ کو ڈیرہ غازی خان کے سرحدی مقام پر بند کیا جائیگا۔ ایران کو بلوچستان سے ملانے والی شاہراہ کو تافتان کے مقام پر بند کیا جائیگا۔ جے یو آئی ف کی مقامی قیادت نے کارکنوں کو دھرنے کے مقامات پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر جمعیت علمائے اسلام(ف) کے پلان بی کے حوالے سے متوقع احتجاج اور ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے جھنگ پولیس نے جامع حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔ جھنگ میں ضلع کے 11 اہم داخلی و خارجی مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور500 سے زائد پولیس اہلکار شہر میں ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ایوب چوک کے مقام پر مجموعی طور پر 2 شفٹوں میں اہلکار جبکہ 18 ہزاری چوک، کچہری چوک،اسٹیشن چوک ٹوبہ روڈ،شاہ جیونہ ٹول پلازہ،ملہوآنہ موڑ، ہیڈ تریموں، گڑھ موڑ چوک، احمدپور سیال موڑ سمیت دیگر مقامات پر 2 شفٹوں کے دوران اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں تمام اہلکاروں کو ضروری سامان کی ترسیل بھی کردی گئی ہے جبکہ اہلکاروں کو اپوزیشن جماعتوں کے متوقع احتجاج،دھرنا سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس لائن میں بھی نفری کو اسٹینڈبائی رکھا گیا ہے۔
جے یو آئی کا ملک بھرمیں لاک ڈاؤن کا اعلان
کندھ کوٹ پولیس نے جے یو آئی کارکنان کے دھرنے والے کال دینے پر وارننگ جاری کردی ہے اور کہا ہے کہ سڑک بلاک کی گئی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔ ایس ایس پی کندھ کوٹ نے کہا ہے کہ دھرنا دینا یا روڈ بلاک کرنا خلاف قانون ہے، احتجاج کرنا قانونی حق ہے مگرروڈ بند کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ جے یوآئی ف کے جانب سے آج قومی شاہراہ سندھ پنجاب روڈ انڈس ہائی وے پر دھرنا دینے کا کہا گیا ہے۔