انسانی صحت پرسیاست غیراخلاقی بات ہے،شیخ رشید

وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کابینہ کا متفقہ فیصلہ ہے کہ نوازشریف بانڈ دیں اور بیرون ملک چلے جائیں۔ اگر انھیں صحت عزیز ہے تو بانڈ دینے میں کیا مشکلات ہیں،بانڈ نہیں دیں گے تو یقیناً یہ عدالت جائیں گے،عدالت جو فیصلہ کرے گی وہ سب کو قابل قبول ہوگا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سماء کو خصوصی انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ شریف فیملی پہلے بھی جائیداد بطور بانڈ رکھ کر باہر گئی تھی،حمزہ شہباز اُن کی ادائیگیاں بھی کرتے رہے، لوگ عبرت حاصل کریں گے کہ دولت کا انجام کیا ہوتا ہے۔وزیر ریلوے نے بتایا کہ میں تو کہتا ہوں کہ نوازشریف کو جانیں دیں، کیا فرق پڑے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اتحادی ہیں،سائےکی طرح اُن کے ساتھ ہیں، دیانتداری سے سمجھتا ہوں کہ اس مسئلے کو متھے نہ لگاؤ اور جان چھڑاؤ، یہ مسئلہ حل ہوتا دیکھ رہا ہوں ، حل نہ ہوا تو بڑی خرابی ہوگی،انسانی صحت پر سیاست کرنا بڑی غیراخلاقی بات ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے یہ بھی کہا کہ میاں صاحب صحت یاب ہو کر آئیں اور سیاست میں مقابلہ ہوگا، ملک سے باہر رہنا آسان نہیں ہے اس لئے نواز شریف واپس آجائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ دولت عمر کے آخری حصے میں سکون کے بجائے انسان کو ڈستی ہے۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ کابینہ اجلاس میں مریم نواز کے باہرجانے پر کوئی بات نہیں ہوئی، پہلے کہہ چکا ہوں کہ آصف زرداری نواز شریف سے زیادہ بیمار ہیں،زداری کا ضمانت کیلئے درخواست نہ دینا ضد کی سیاست ہے۔ شیخ رشید نے تجویز دی کہ اگر آصف زرداری بھی جانا چاہتے ہیں توعدالت سے رجوع کریں ، کورٹ میں بھی نہ جائیں اور رہائی کا مچلکا گھر آجائے،ایسا نہیں ہوسکتا۔
اسلام آباد میں جاری دھرنے سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ فضل الرحمٰن جتنی جلدی دھرنا سے اُٹھ جائیں وہ اُن کیلئے بہتر ہوگا،مولانا کو خود سوچنا چاہییے کہ اسلام آباد میں خاصی سردی ہے، وہ لیڈر ہی نہیں جس کو اپنے کارکنوں کی مشکلات کا احساس نہ ہو،دنیا کی سیاست میں دھرنا دینا سب سے مشکل کام ہے، آزادی مارچ کا پلان بی سڑکیں بند یا لاک ڈاؤن تصادم کا راستہ ہے، تصادم سے کھیل خراب ہوتا ہے، مولانا کو کھیل خراب نہیں کرنا چاہیے، معاملات خراب ہوئے تو نقصان فضل الرحمٰن اور اُن کی پارٹی کا ہوگا۔