وزیرستان، ڈاکو چلغوزے کی 23 بوریاں لے اڑے

نامعلوم افراد ایک کروڑ کا مال لے اڑے، مقدمہ درج

جنوبی وزیرستان کے علاقہ وانا میں ڈاکوؤں اسلحہ کے زور پر چلغوزے کی 23 بوریاں لے اڑے جس کی مالیت ایک کروڑ 20 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔

وانا بازار میں واقع گودام کے مالک نبوت خان نے ایف آئی آر درج کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ چلغوزے کے کاروبار سے وابستہ ہے۔ گزشتہ رات 12 بجے کے قریب ڈبل کیبن گاڑی میں مسلح اور نقاب پوش افراد آئے۔ گودام کی دیواریں پھلانگ کر اندر گھسے اور اسلحہ کے زور پر چوکیدار سمیت گودام میں موجود افراد کو یرغمال بنایا۔

گودام مالک کے مطابق ملزمان نے گودام میں موجود چلغوزے کی 23 بوریاں گاڑی میں لوڈ کیں اور اسلحہ لہراتے ہوئے رفو چکر ہوگئے جبکہ جاتے جاتے موقع پر موجود افراد سے نقدی، موبائل فون اور اسلحہ بھی چھین کر لے گئے۔

تاجر نبوت خان نے بتایا کہ چلغوزے کی قیمت مارکیٹ کے حساب سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے بنتی ہے۔

تھانہ سٹی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے واردات کے وقت یرغمال ہونے والے افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کرلیے ہیں۔

تاجروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ڈاکوؤں کو جلد نہ پکڑا گیا تو ہم احتجاج کرتے ہوئے وانا بائی پاس روڈ بند کردیں گے۔

DRY FRUITS

Tabool ads will show in this div